سکھ یاتریوں کی ننکانہ اور سچا سودا آمد، آج کرتار پور جائیں گے 

لاہور؍ ننکانہ (خبر نگار+نامہ نگار) 325 ویں بیساکھی تہوار کی تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان آئے ہوئے 2475 بھارتی سکھ یاتری پارٹی لیڈر سردار کلونت سنگھ کی زیر قیادت تین خصوصی ٹرینوں کے ذریعے گورودوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال سے ننکانہ   پہنچ گئے۔  سکھ یاتریوں کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ انہیں پھولوں کے ہار پہنائے اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ سکھ یاتریوں کو سکیورٹی کے سخت حصار میں سپیشل بسوں کے ذریعے گوردوارہ جنم استھان پہنچایا گیا۔ بھارت سمیت دیگر ممالک سے آئے سکھ یاتری گورودوارہ جنم استھان میں اپنی مذہبی رسومات  جن  میں متھا ٹیکی، شبد کیرتن، اکھنڈ پاٹھ، اشنان، ارداس اور گوردواروں کی یاترا شامل ہے، سکھ یاتری منگل کے روز متھا ٹیکی کی رسم ادا کرنے کے لیے خصوصی بسوں کے ذریعے سکیورٹی کے کڑے حصار میں نواحی قصبہ فاروق آباد سچا سودا  گئے اور شام کو واپس ننکانہ پہنچ گئے۔ سکھ یاتری آج بدھ خصوصی ٹرینوں کے ذریعے گوردوراہ دربار صاحب کرتار پور (نارووال) چلے جائیں گے۔ قبل ازیں  کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے آر پی او شیخوپورہ رینج اطہر اسماعیل، ڈی سی شیخوپورہ ڈاکٹر وقار خان، ڈی پی او شیخوپورہ زاہد مروت و دیگر افسروں کے ہمراہ سچا سودا کا دورہ کیا۔ سہولتوں اور سکیورٹی کا جائزہ لیا۔ دریں اثناء ساہیوال نمائندہ نوائے وقت کے مطابق  آئرلینڈ سے آئے ہوئے 13رکنی سکھ یاتریوں کے وفد نے ہڑپہ کے آثار قدیمہ کے وزٹ کے بعد تھانہ ہڑپہ کا بھی وزٹ کیا اور سپیشل انیشییٹو پولیس سٹیشن کے تحت نئے بننے والے تھانہ ہڑپہ میں 5 ہزار سال پرانی تہذیب اور تھانہ میں جدید ترین سہولیات دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ایس ایچ او نے وفد کو ہڑپہ کی تاریخ سے روشناس کرواتے ہوئے انہیں تھانہ میں جدید سہولیات سے آگاہ کیا اور تھانہ میں خصوصی دیوار پر ہڑپہ کے تاریخی حوالہ سے نصب شدہ نوادرات کے بارے میں بریف کیا۔

ای پیپر دی نیشن