اسلام آباد (آئی این پی )ملک میں نئی حکومت کے پہلے ہی ماہ بھارت سے سالانہ بنیاد پر درآمدات میں بڑا اضافہ رکارڈ کیا گیا ، مارچ 2024 میں بھارت سے سالانہ بنیادوں پر درآمدات 48 فیصد بڑھیں، نجی ٹی وی کے مطابق گزشتہ ماہ بھارت سے درآمدات کا حجم 2 کروڑ 73 لاکھ ڈالر رکارڈ کیا گیا جو مارچ 2023 ایک کروڑ 85 لاکھ ڈالر تھا۔ اس سال جنوری اورگزشتہ سال فروری، مئی میں بھی بھارت سے درآمدات بڑھی تھیں لیکن نگران حکومت نے بھارت میں ٹریڈ آفیسر کی تعیناتی کا عمل بھی روک دیا تھا۔ حکام کے مطابق پاکستان نے اگست 2019 میں بھارت کیساتھ تجارت معطل کردی تھی تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ بعد میں پاکستان نے بھارت کے ساتھ تجارت میں نرمی کردی تھی۔ پاکستان نے بھارت کیساتھ زندگی بچانے والی ادویات کی تجارت کرنے کی اجازت دی تھی۔