لاہور(خبرنگار)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور سید علی عمران نے جیلوں سے آئے حراستی ملزمان کو بخشی خانوں میں دوپہر کا کھانا فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔ اس سلسلے میں ڈسڑکٹ سیشن جج لاہور نے ایڈیشنل سیشن جج جہانزیب چٹھہ کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی بنا دی، اس منصوبے کے تحت لاہور کی ضلع کچہری اور ماڈل ٹاؤن کچہری کے بخشی خانوں میں ملزمان کو دوپہر کا کھانا فراہم کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔ڈسڑکٹ سیشن جج لاہور کے احکامات کی روشنی میں حراستی ملزمان کوآج بروز بدھ سے باقاعدہ روزانہ کی بنیاد پر دوپہر کا کھانا فراہم کیا جائیگا۔ ڈسڑکٹ سیشن جج لاہور سید علی عمران نے منگل کو بخشی خانے کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر موجود سٹاف اور عدالتی افسران سے گفتگو کرتے ہوئے ڈسڑکٹ سیشن جج لاہور نے کہا کہ دوپہر کا کھانا فراہم کرنے سے ملزمان کو سہولت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی طرف سے کھانا فراہم کرنے سے منشیات کی روک تھام میں مدد ملے گی اور بخشی خانوں میں اسلحہ سمیت دیگر غیر قانونی اقدام بھی ختم ہوں گے۔