لاہور(خبر نگار )لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں 2رکنی بینچ نے فواد چودھری کو 36 مقدمات میں23 اپریل تک کی حفاظتی ضمانت دیتے ہوئے ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہونے کی اجازت دیدی ،عدالت نے کیس مزید سماعت کے لئے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھجوادیا،عدالت نے فواد چودھری کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا ضمانت کی درخواستیں متعلقہ عدالت میں دائر کریں ، احسن بھون نے کہا بعض مقدمات دور دراز علاقوں کے ہیں وہاں مچلکے جمع ہونے میں مسائل ہوں گے ، عدالت نے کہا آپ مشہور سیاسی شخصیت ہیں آپ کو مچلکوں کا کوئی مسئلہ نہیں ، ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل غلام سرور نہنگ نے ویڈیو لنک سے پیشی پر اعتراض کرتے ہوئے کہا یہ حکم پراسیکیوشن کے لیے مشکلات کا سبب بنے گا ، عدالت نے کہا چند یوم میں صوبہ بھر کی کورٹس میں ویڈیو لنک پر حاضری شروع ہو جائیگی ، احسن بھون نے کہا اس عمل سے وقت کی بچت ہو گی ، ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل نے کہا فواد چوہدری کو یہ ریلیف ملا تو کل کو قتل اور ڈکیتی کے ملزم بھی یہ مانگیںگے ، عدالت نے کہا ہمارے سامنے جو آئے گا ہم اسے ریلیف دیں گے آپ نے اس معاملے کو زیادہ سیاسی بنا دیا ہے ، آئی جی پنجاب نے عدالت کو بتایا فواد چودھری کیخلاف چالیس مقدمات ہیں۔
فواد چودھری کی 36 مقدمات میںحفاظتی ضمانت‘ ویڈیو لنک پیشی کی اجازت
Apr 17, 2024