سعودی عرب کی سرمایہ کاری دوستی اور بھائی چارے کا عملی اظہار ہے، کاشف چوہدری

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر محمد کاشف چوہدری نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے پاکستان میں 5 ارب ڈالر سرمایہ کاری کا پہلا پیکیج جلد مکمل کرنے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب کی پاکستان میں سرمایہ کاری دوستی اور بھائی چارے کا عملی اظہار ہے،مشکل وقت میں سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری سے پاکستان کی معیشت مستحکم ہوگی اور درپیش معاشی مسائل کے خاتمے میں مدد ملے گی ،گزشتہ روز جاری بیان کے مطابق محمد کاشف چوہدری نے کہا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے چاہئے کوئی سانحہ ہو یا قدرتی آفت یا پھر کوئی مسئلہ سعودی عرب نے بڑے بھائی کے طور پر پاکستان اور پاکستانی عوام کو درپیش مشکلات اور مسائل میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوںنے سعودی وزیر خارجہ کی قیادت میں اعلی سطحی وفد کے پاکستان پہنچنے پر خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ سعودی سرمایہ کاری پاکستان میں روزگار کے مواقع اور قومی آمدن میں اضافے کا ذریعہ ثابت ہو گی۔

ای پیپر دی نیشن