اسلام آباد(خبرنگار)وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی نے منگل کو ملک بھر میں حج تربیت کے دوسرے مرحلے کا آغاز کیا، تاکہ عازمین حج کو مذہبی رسومات، انتظامی امور اور میزبان ملک کے ضوابط سے آگاہ کیا جا سکے وزارت نے 40 ریسورس پرسنز، مذہبی اسکالرز اور ماسٹر ٹرینرز کے ساتھ مل کر ضلعی سطح پر ملک بھر میں 122 مقامات پر تربیتی سیشنز کا اہتمام کیا ہے۔ گزشتہ روز اسلام آباد حاجی کیمپ میں منعقدہ ٹریننگ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزارت مذہبی امور کے ماسٹر ٹرینر، حج آئی ٹی سیل کے ڈائریکٹر حکیم خٹک نے عازمین حج کو بتایا کہ تربیتی سیشنز کے اختتام پر تمام حاجی کیمپوں پر لازمی ویکسین لگانے کا عمل شروع کیا جائے گا۔ تمام عازمین حج سعودی عرب روانگی سے دس روز قبل تین ویکسینز مفت لگوائیں گے۔ متعلقہ بینک کے کانٹر سے فری بیگ، سکارف، احرام بیلٹ، شو بیگ اور موبائل سم بھی فراہم کی جائے گی۔ عازمین حج کا فلائٹ شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔ عازمین حج کو روانگی سے دو روز قبل متعلقہ حاجی کیمپوں سے پاسپورٹ، ٹکٹ، ویزہ، لاکٹ کی فراہمی عمل میں لائی جائے گی