شکارپورمیں سیلاب سے متاثرہ علاقے لوڈھراں میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے وزیراعلی سندھ کا کہنا تھا کہ ایک لاکھ متاثرین کوکراچی میں رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کچے کے علاقے میں مجموعی طور پرپندرہ لاکھ لوگ سیلاب سے متاثرہوئے ہیں جو حکومت کے اندازے سے کافی زیادہ ہیں،انہیں ضروری سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کو کراچی اورحیدرآباد لے جانے کے لیے خصوصی ٹرینیں چلائی جارہی ہیں اورفری پاس دیئے جارے ہیں۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ جیکب آباد اور شکار پور کے لیے آئندہ دس روزبہت اہم ہیں،لیکن شکار پور شہرکوسیلاب سے کوئی خطرہ نہیں اسلیے وہاں کے لوگ نقل مکانی نہ کریں۔ انہوں نےکہا کہ صدر زرداری نے ہدایت کی ہے کہ متاثرین کو ویسے ہی گھربناکردئیے جائیں جن میں وہ رہائش پذیرتھے۔