اسٹیٹ بینک نے آج کمرشل بینکوں کوسات روزکے لیے دوسوپچاسی ارب چالیس کروڑروپے اورچودہ روز کے لیے دو سو ارب پندرہ کروڑ روپے فراہم کیے۔ اسٹیٹ بینک نے اوپن مارکیٹ آپریشن کے ذریعے سات روز کے لیے نواعشاریہ نو پانچ فیصد شرح سود جبکہ چودہ روزکے لیے دس اعشاریہ دس فیصد شرح سود پرمطلوبہ رقم فراہم کی۔ واضح رہے کہ دو روز قبل پندرہ اگست کو بھی مرکزی بینک نے کمرشل بینکوں کو پچہترارب پچپن کروڑروپے فراہم کیے تھے۔ دوسری جانب لاہورمیں بھی آج بینکوں کا عید کی چھٹیوں سے قبل آخری روزہے جس کے باعث رقوم نکلوانے والوں کا رش ہے۔ بینکرزکا کہنا ہے کہ عید سے قبل شاپنگ اوردیگراخراجات میں اضافے کے باعث لوگ بینکوں سے رقم نکلوارہے ہیں جس کی وجہ سے بینکوں کورقم کی شدید کمی کا سامنا ہے۔