لاہور (خصوصی نامہ نگار) ڈائریکٹر حج لاہور سعید احمد ملک نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب میں گورنمنٹ سکیم کے تحت جانے والے عازمین کو مناسک حج کی تربیت دینے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ حاجی کیمپ لاہور میںتربیتی پروگرام 26سے30 اگست تک منعقد ہوںگے۔ گورنمنٹ اور پرائیویٹ حج سکیموں کے عازمین کو مناسک حج اور انتظامی امور کی تربیت دینے کے لئے علیحدہ علیحدہ ویڈیو سی ڈیز تیار کر لی گئی ہیںجو تربیتی پروگراموں کے دوران معمولی قیمت کے عوض دستیاب ہوں گی۔ وزارت مذہبی امور کی طرف سے سفر حج کے دوران رہنمائی کے لئے طبع کروائی جانے والی کتاب بھی جلد ہی حجاج کرام کو بذریعہ ڈاک روانہ کر دی جائے گی۔ وزارت مذہبی امور کے زیر انتظام حج تربیتی پروگرام ضلع اور تحصیل کی سطح پر منعقد کئے جا رہے ہیں۔ ڈائریکٹر حج لاہور نے بتایا کہ پرائیوٹ حج سکیم کے حجاج کے لئے تربیتی پروگرام منعقد کرنا گروپ آرگنائزرز کی ذمہ داری ہے‘ تمام عازمین حج ابھی سے مناسک حج کی ادائیگی کا طریقہ سیکھنا شروع کر دیں۔ چہل قدمی اور ہلکی ورزش کو اپنا معمول بنائیں‘ حج کا طریقہ‘ مسائل اور دعائیں یاد کر لیں۔