ڈھاکہ (سپورٹس ڈیسک) بنگلہ دیش میں آئندہ سال ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے انعقاد کیلئے سٹیڈیمز کی تیاریاں جاری ہیں۔ سلہٹ اور کوکس بازار سٹیڈیمز کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ تعمیر اکتوبر کے وسط تک مکمل ہو جائے گی۔ آئی سی سی نے تعمیراتی کام کی ڈیڈلائن 30 ستمبر تک دی ہوئی ہے تاہم شواہد پیش کرنے کے بعد بی سی بی کو 15 دن کا اضافی وقت مل جائے گا۔ آئی سی سی کی ٹیم گذشتہ روز ڈھاکہ پہنچی اور 2 متبادل مقامات کا بھی جائزہ لیا۔ متبادل مقامات میں فتح اللہ اور بی کے ایس پی شامل ہیں۔ بی سی بی کے صدر ناظم الحسن نے بتایا کہ ہمیں قوی امید ہے کہ وسط اکتوبر تک کام مکمل ہو جائے گا اور متبادل مقامات کو بھی مکمل کر لیں گے۔ مجھے یقین ہے کہ کسی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ کوشش ہو گی کہ کام 3 ستمبر تک ہی مکمل کر لیا جائے۔ سلہٹ جس پر جون میں کام شروع کیا گیا تھا، پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے۔ چار منزلوں میں سے 2کا کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ پویلین بلڈنگ بھی مکمل کر لی گئی ہے۔