ہرارے (سپورٹس ڈیسک) زمبابوے کرکٹ بورڈ اور کھلاڑیوں کے درمیان معاہدہ طے پا گیا۔ کھلاڑی پاکستان کیخلاف سیریز کی تیاری کیلئے تربیتی کیمپ میں شرکت کریں گے۔ بورڈ ادائیگی کیلئے راضی ہو گیا۔ کھلاڑیوں کی نئی تشکیل کردہ ایسوسی ایشن کھلاڑیوں کے مسائل حل کرنے کیلئے کردار ادا کرتی رہے گی۔ کھلاڑیوں کو جولائی کی تنخواہیں اور میچ فیس ادا کر دی گئی تاہم اصل رقم کے بارے میں نہیں بتایا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ زمبابوے کرکٹ بورڈ نے رقم کی جو پیشکش کی ہے، کھلاڑی اس پر متفق ہیں۔ پاکستان کیخلاف سیریز کا بائیکاٹ نہیں کیا جائے گا۔ پلیئرز ایسوسی ایشن نے سینئر کھلاڑیوں کا گروپ تشکیل دیا ہے جس میں برینڈ ٹیلر، ہملٹن مساکاذا، سباندا، اٹاسیا اور چیگمبورا شامل ہیں۔ زمبابوے کرکٹ میں مستقل طور پر رہیں گے۔ کھلاڑیوں نے بتایا کہ ماضی میں کبھی ایسا نہیں ہوا تاہم اب ایسوسی ایشن کی تشکیل کے بعد معاہدہ طے پا گیا ہے۔ زمبابوے کرکٹ میں بڑے مسائل پیدا ہو گئے تھے صرف ایک فرد کی آواز سے حل نہیں ہو سکتے تھے۔ زمبابوین اخبارکے مطابق پاکستان کے خلاف سیریز کی تیاری کیلئے زمبابوین کرکٹرز کا کیمپ منگل سے شروع ہونا تھا لیکن کھلاڑیوں نے بقایا جات کی ادائیگی اور میچ فیس میں پانچ ہزار ڈالرز کے اضافے کا مطالبہ کرتے ہوئے کیمپ کا بائیکاٹ کردیا تھا۔