لاہور (خصوصی رپورٹر) (ق) لیگ کے صدر سنیٹر چودھری شجاعت حسین اور سینئر مرکزی رہنما چودھری پرویز الٰہی نے متاثرین سیلاب سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے سیلاب کسی ایک جماعت یا فرد کا نہیں بلکہ یہ ایک قومی مسئلہ ہے اور پوری قوم کو مل جل کر متاثرین کی امداد و بحالی کے کاموں میں حصہ لینا چاہئے۔ انہوں نے کہا ہم سب کو متاثرین کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر شریک ہونا چاہئے۔ مسلم لیگی کارکنوں کو اس کارخیر میں نمایاں طور پر حصہ لینا چاہئے اور وہ متاثرین کی خدمت کیلئے دن رات ایک کر دیں۔ مخیر حضرات اور فلاحی ادارے امدادی سرگرمیاں تیز کر دیں اور متاثرین کیلئے دل کھول کر امداد دیں۔