لاہور (خصوصی نامہ نگار)مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے مصر کی باغی فوج کی طرف سے مرسی کے حامیوں پر فائرنگ اور مظالم کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ اسرائیل اور امریکہ کی ایما پر مصری عوام کا خون بہا یا جارہا ہے۔ مصریوں کا قصور یہ ہے کہ انہوں نے ا مریکہ کی خدائی کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا ہے۔ جنرل سیسی فرعون کی نعش سے سبق حاصل کریں۔ جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل نے مصر کے فرعونوں کو لگام نہ دی تویہ آگ پورے عرب خطہ میں پھیل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ملالہ کے زخمی ہو جانے پر چیخ اٹھنے والے اوباما یا بان کی مون کو قاہرہ کی سڑکوں اور گلیوں بازاروں میں بہنے والا معصوم لہو کیوں نہیں دکھائی دیتا۔ حکومت پاکستان کو چاہئے کہ وہ ہی آگے بڑھ کر مصر کے بحران کو حل کرنے میں کردار ادا کرے تاکہ مصر میں معاملات زندگی بہتر ہو سکیں۔ او آئی سی کو بھی اس بحران کے حل کیلئے کوششیں کرنی چاہئیں۔ ورنہ لیبیا، شام کی طرح مصر میں بھی خانہ جنگی کے خطرات بڑھ جائیں گے۔