یہودیوں کے ایجنٹ بے نقاب کرنے پر مغرب ناراض ہوتا ہے تو کوئی تعجب نہیں: فضل الرحمن

Aug 17, 2013

ڈیرہ اسماعیل خان (ثناءنیوز+آئی این پی) جمعیة علماءاسلام کے امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ یہ وقت حکومتوں کو چلانے کا نہیں بلکہ ریاست بچانے کا ہے۔ اگر یہودیوں کے ایجنٹوں کو بے نقاب کرنے پر مغربی دنیا ہم سے خفا ہوتی ہے تو اس میں تعجب کی کوئی بات نہیں ہے مغربی دنیا اگر ہم سے خوش ہوئی تو ہم اپنے ایمان کو ٹٹولیں گے۔ جن لوگوں کا شرم و حیاءسے کوئی واسطہ ہی نہ ہو ان کو شرمناک کا مطلب واقعی سمجھ نہیں آئے گا۔ ہمیں عدالتوں کی دھمکیاں دینے والے سن لیں ہمارے اوپر رعب ڈالنے کی کوشش نہ کی جائے ہم خود رعب ڈالنے کے لئے پیدا ہوئے ہیں ان خیالات کا اظہار حلقہ این اے 25 کے ضمنی انتخابات کے انتخابی جلسوں سے، ٹانک، سید علیاں،کوٹ جائی،گل امام میں خطاب کے دوران کیا ۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے اکثریت حاصل ہونے کے باوجود ہمیں حکومت میں شمولیت کی دعوت دی جو ہم نے اپنی شرائط پر قبول کی۔ حکومت میں وزارت، سفارت، یا کسی کمیٹی کی چیئرمین شپ پر نہ تو ن لیگ نے انکار کیا اور نہ ہی ہم نے اصرار کیا ۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری ترجیحات میں سب سے پہلے امن و امان کے قیام کے لئے جامع پالیسی ،روزگار کی فراہمی،اسلامی دفعات ،دینی مدارس، مساجد، اسلامی تہذیب کا تحفظ شامل تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ مغربی ایجنڈے کی حامل این جی اوز ہمارے تعلیمی نصاب سے جہاد اور اسلامی تعلیمات پر مبنی اسباق نکالنے پر تلی ہوئی تھیں۔ ماضی میں ہم نے ان کا راستہ روکا لیکن اب صوبے کی حکومت نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ان این جی اوز کی سفارشات پر صوبائی حکومت تعلیمی نصاب تبدیل کرنے کے درپے ہے۔ آئی این پی کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) نے مولانا فضل الرحمن کو تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے جاری نوٹس کا جواب دینے کے لئے کامران مرتضیٰ ایڈووکیٹ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی جبکہ جے یو آئی (ف) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولانا امجد خان کا کہنا ہے کہ ہمیں ابھی تک نوٹس موصول نہیں ہوا لیکن ایک بات حتمی ہے مولانا فضل الرحمن کسی بھی صورت معافی نہیں مانگیں گے۔ ہمارا جواب ایسا ہو گا جس سے عمران خان اور تحریک انصاف والوں کی آنکھیں کھل جائیں گی اور ان کو لینے کے دینے پڑ جائیں گے۔

مزیدخبریں