نوازشریف سے بندوق کے زور پر نہیں عوامی خواہش پر استعفیٰ مانگ رہے ہیں: شجاعت سعد رفیق کی خواہش پر ملاقات کی دعوت دیدی

لاہور (آئی این پی) ق لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ہم نواز شریف سے بندوق کی طاقت پر نہیں عوامی خواہش پر استعفیٰ مانگ رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے پاس اقتدار چھوڑنے کے سوا کوئی آپشن باقی نہیں۔ مسلم لیگ (ن) نے قوم سے کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا جس کی وجہ سے لاکھوں عوام حکمرانوں کے خلاف سڑکوں پر آچکے ہیں۔ نوازشریف سے استعفے کا مطالبہ مکمل طور پر آئین و قانون کے مطابق ہے۔ ہم نے کبھی جمہوریت کے خاتمے اور مارشل لاء کے نفاذ کی بات نہیں کی بلکہ حقیقی جمہوریت اور عوام کی حکمرانی چاہتے ہیں۔ آخرکار نوازشریف کو استعفیٰ ہی دینا پڑیگا۔ چودھری شجاعت حسین نے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی خواہش پر انہیں ملاقات کی دعوت دیدی ہے۔ کھانا بھی کھلانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ایک ٹاک شو میں خواجہ سعد رفیق نے چودھری شجاعت حسین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر چودھری شجاعت کی اجازت ہو تو میں ان سے ملاقات کیلئے بھی جا سکتا ہوں جس پر چودھری شجاعت حسین نے خواجہ سعد رفیق کو ملاقات کی باقاعدہ دعوت دی اور کہا کہ میں آپ کو صرف چائے پر نہیں ٹرخائوں گا آپکو کھانا بھی کھلائوں گا۔ چودھری شجاعت حسین سے پی پی رہنما رحمن ملک نے ملاقات کی جس میں آزادی اور انقلاب مارچ سے پیدا ہونیوالی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن