اسلام آباد(آئی این پی) سابق صدر جنرل (ر) ضیاء الحق کی 26 ویں برسی آج فیصل مسجد میں ضیاالحق کے مزار پر منائی جائے گی‘ مسلم لیگ (ضیا) کے صدر اعجازالحق برسی کی تقریب سے خطاب کریں گے، تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے ملک بھر سے آئے ہوئے کارکنوں کی وجہ سے اس سال برسی پر بڑی تعداد میں لوگوں کی مرحوم صدر کے مزار پر آمد متوقع ہے۔ ضیاء شہید فائونڈیشن کے ایک بیان کے مطابق جنرل (ر) ضیاالحق اور سانحہ بہاولپور کے دیگر شہداء کی برسی کی مرکزی تقریب فیصل مسجد میں ضیاالحق کے مزار پر ہو گی، جس میں شہید فوجی افسران اور جوانوں کے خاندان اور ضیا فائونڈیشن کے کارکنان شرکت کریں گے۔ تقریب میں شہدائے بہاولپور کیلئے اجتماعی دعا بھی کرائی جائے گی۔ دریں اثناء شہداء بہاولپور میں شامل آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل اختر عبدالرحمن مرحوم صدر ضیاالحق کے ملٹری سیکرٹری بریگیڈئر صدیق سالک کے مزاروں پر بھی پھول چڑھا کرفاتحہ خوانی کی جائے گی۔ بر سی میں شرکت کے لئے فورٹ عباس اور ہارون آباد کے قافلے چودھری غلام مرتضی ایم پی اے، حاجی یاسین سربراہ مسلم لیگ (ضیا) اور حاجی نعیم انور ایم پی اے فورٹ عباس کی زیر قیادت وائٹل ہائوس سے سینکڑوں کارکنوں کا قافلہ اسلام آباد پہنچ گئے۔