حلقہ کھولنے کے حوالے سے بیان پر سپیکر قومی اسمبلی گورنر سے ناراض چوہدری سرور نے معذرت کر لی

Aug 17, 2014

اسلام آباد /لاہور ( آئی این پی ) اپنا حلقہ کھولنے کے حوالے سے بیان پر سپیکر قومی اسمبلی گورنر سے ناراض ہوگئے ، اس پر گورنر  نے فوری سپیکر سے معذرت کرلی۔گزشتہ روز گورنر پنجاب  نے منصورہ میں  سراج الحق سے ملاقات کے بعد گفتگو میں  سپیکر قومی اسمبلی کی طرف سے چند روز قبل  اپنے حلقہ کو کھولنے کی پیشکش کے بارے میں بیان کے تناظر میںکہہ دیا  سپیکر تو اپنا حلقہ کھولنے کیلئے تیار ہیں ، ٹی وی چینلز پر  براہ راست گفتگو کے فوری بعد سپیکر نے  ر د عمل کا اظہار کرتے ہوئے گورنر کے اپنے حوالے سے دیئے  بیان پر سخت ناراضگی کا اظہا رکرتے ہوئے کہا گورنر پنجاب کو کوئی حق حاصل نہیں  وہ میرے متعلق کوئی بات کریں ۔ سپیکر نے کہا  میری گورنر سے اس ایشو پر کوئی بات نہیں ہوئی  ، وہ غیر سیاسی بندے ہیں ، میں سیاسی کارکن  اور قومی اسمبلی کا سپیکر ہوں ، میں خود بات کرنا جانتا ہوں ۔ سپیکر نے کہا  میں وزیراعظم کی ہدایات پر آنکھیں بند کرکے عمل کروں گا ، وہ جو کہیں گے اس پر فوری لبیک کہوں گا ۔ سپیکر قومی اسمبلی کی طرف سے ناراضگی کے اظہار پر گورنر پنجاب کی طرف سے فوری معذرت کرلی گئی ، گورنر نے معذرت کرتے ہوئے کہا  مجھے ایاز صادق سے متعلق بات کرنے کا کوئی حق نہیں ،  میری بات سے ان کی دل آزاری ہوئی ہے تو میں اس سے معذرت خواہ ہوں ۔

مزیدخبریں