اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں مسائل کا حل سیاسی طریقے سے‘ حل کرنے پر متفق ہیں، ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی سازش ناکام ہوگی۔ امید ہے کہ پاکستان تحریک انصاف سے معاملات مذاکرات کے ذریعے حل کر لئے جائیں گے۔ ہفتہ کو پی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے تمام صوبوں میں سیاسی جماعتوں کا مینڈیٹ تسلیم کیا، تحریک انصاف کو بھی موجودہ حکومت کا مینڈیٹ تسلیم کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ ہر شعبہ ترقی کے راستے میں گامزن تھا لیکن احتجاج اور دھرنے کے ذریعے ترقی کا راستہ روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ تمام سیاسی جماعتیں متفق ہیں کہ انتخابی مسائل کا حل سیاسی طریقے سے تلاش کیا جائے۔ حکومت نے انتخابی اصلاحات کیلئے پارلیمانی کمیٹی قائم کی ہے جس میں تحریک انصاف سمیت تمام سیاسی جماعتوں کی نمائندگی موجود ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان سیاسی تنہائی کا شکار ہیں، کوئی بھی بڑی سیاسی جماعت ان کی حمایت نہیں کر رہی۔ انہوں نے کہا کہ بعض بیرونی قوتیں ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتی ہیں اگر ہم آپس میں متحد رہیں تو کوئی سازش کامیاب نہیں ہو سکتی۔