اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) قانون نافذ کر نے والے اداروں کی جانب سے جاری الرٹ کے بعد اسلام آباد کے ریڈ زون میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ پولیس، رینجرز اور ایف سی کے پندرہ ہزار اہلکار علاقے میں تعینات ہیں۔ شہر اقتدار کے ریڈ زون کے اطراف میں تین سیکورٹی حصار قائم کئے گئے ہیں۔ چالیس سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے بھی جلوسوں کی نگرانی کی جا رہی ہے ۔ مانیٹرنگ کیلئے چار کنٹرول روم قائم ہیں اس دوران انتظامیہ کی طرف سے وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کو بھی تمام صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ باخبر رکھا جا رہا ہے۔ گوجرانوالہ میں تصادم کے بعد جڑواں شہروں کی سیکورٹی کیلئے پنجاب پولیس کے مزید تین ہزار اہلکار بھی طلب کر لئے گئے ہیں۔ پولیس نے دھرنوں کے شرکاء کو چاروں طرف سے گھیرے میں لے کر سکیورٹی حصار بنائے ر کھا۔ ریڈ زون کی سکیورٹی کو مارگلہ روڈ اور شاہراہ دستور پر مزید کنٹینر لگا کر سخت کر دیا گیا، اہم سرکاری عمارتوں پر رینجرز اور ایف سی کے دستے بھی تعینات ہیں۔