اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) آرمی چیف ر احیل شریف نے کہا ہے کہ پوری قوم نے دہشت گردی کو مسترد کردیا ہے۔ سمنگلی اور خالد ائربیس پر جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے چھٹکارے کیلئے مشترکہ قومی سوچ کی ضرورت ہے۔ بلوچستان میں مکمل اور پائیدار امن یقینی بنائیں گے۔ دہشت گردی کیخلاف بلوچستان کے مقامی لوگوں کا تعاون قابل تعریف ہے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کوئٹہ میں سی ایم ایچ کا دورہ کیا اور ایئر بیس پر دہشت گردوں کے حملے میں زخمی اہلکاروں کی عیادت کی، آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کوئٹہ میں دہشت گردوں کے حملے کا نشانہ بننے والے سمنگلی ایئربیس اور خالد ایوی ایشن بیس کا دورہ کیا اور حملہ ناکام بنانے والے جوانوں کو شاباش دی۔ آرمی چیف نے پاکستان ایئر فورس اور آرمی ایوی ایشن کے دستوں سے ملاقات کی اور دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے والے جوانوں کی تعریف کی۔ آرمی چیف نے سدرن ہیڈ کوارٹر کمانڈ کا بھی دورہ کیا۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق دوسری طرف صوبائی حکومت اور سکیورٹی حکام کے اجلاس میں دہشت گردی کے حملوں کا شکار ہونے والے خالد اور سمنگلی ایئر بیس سے ملحقہ آبادیوں میں آپریشن کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پوری قوم نے دہشت گردی کو مسترد کردیا ہے۔ وہ تمام دہشت گردوں سے نجات چاہتی ہے ، قوم اور سکیورٹی فورسز ملکر اس لعنت کا خاتمہ کرینگے اور بلوچستان سمیت ملک کے دیگر حصوں میں پائیدار امن کو یقینی بنائینگے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی، پی اے ایف، ایف سی اور پولیس کے جوانوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے ان کے عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور کوئٹہ میں فضائی اور ایوی ایشن اڈوں پر دہشت گردوں کے حملے ناکام بنانے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ دہشت گردوں کے بارے میں اطلاع دینے اور ان کے گرد گھیرا ڈالنے کے لئے مقامی آبادی کے تعاون کو سراہا۔ آرمی چیف نے سی ایم ایچ کوئٹہ کا دورہ بھی کیا اور زخمیوں کی عیادت کرتے ہوئے انکے حوصلے کو بھی سراہا۔ بعدازاں آرمی چیف نے وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کے ہمراہ سدرن کمانڈ ہیڈکوارٹر کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل نصیر خان جنجوعہ نے انہیں صوبے میں امن وامان کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈاکٹر عبدالمالک نے صوبے میں استحکام اور ترقی کیلئے پاک فوج کے اقدامات کو سراہا۔