کنگ پارٹی بنانے کی تیاریاں شروع، مشرف کو سربراہ بنائے جانے کا امکان

Aug 17, 2015

اسلام آباد (آن لائن) ملک میں کنگ پارٹی بنانے کی تیاری شروع ہو گئی، پرویز مشرف کو پارٹی کا سربراہ بنائے جانے کا امکان ہے اس حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں کے ناراض رہنمائوں سے رابطے جاری ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کے ملک میں آئندہ الیکشن کی حکمت عملی تیار کرنے کا سلسلہ ابھی سے شروع کر دیا گیا ہے اور آنے والے عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کو شکست دینے اور تحریک انصاف کو سپورٹ کرنے کے لیے ایک نئی پارٹی تشکیل دی جارہی ہے جو مستقبل میں تحریک انصاف کی اتحادی جماعت کی حیثیت سے عام انتخابات میں حصہ لے گی۔ اس پارٹی میں پنجاب سے چودھری شجاعت حسین، پرویز الہٰی، ذوالفقار کھوسہ، دوست محمد کھوسہ، شیخ رشید جبکہ سندھ سے غوث علی شاہ، پیر پگاڑا، ممتاز بھٹو، لیاقت جتوئی، بنیل گبول، ذوالفقار مرزا شامل ہیں۔ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سکندر حیات اور سردار عتیق کو بھی پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی گئی ہے تاہم بلوچستان اور پنجاب سے لشکر رئیسانی اور سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی سے بھی رابطہ کیا گیا ہے مگر ذرائع کے مطابق دونوں رہنمائوں نے اس پارٹی میں شمولیت سے انکار کر دیا ہے۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ کنگ پارٹی کی تشکیل کا مقصد عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کو پنجاب اور پیپلز پارٹی کو سندھ سے شکست دینا ہے۔ اس حوالے سے ابھی تک خیبر پی کے سے کسی بھی رہنما سے رابطہ نہیں کیا گیا۔ گنگ پارٹی کی تشکیل کا عمل آئندہ برس تک مکمل کر لیا جائے گا۔

مزیدخبریں