اسلام آباد (آن لائن) پیپلز پارٹی کے گذشتہ دور حکومت میں صرف ایک سال کے دوران سرکاری خرچ پر بیرون ملک علاج کے نام پر ملکی خزانے کا بے دریغ استعمال کیا گیا اور صرف 15 شخصیات کے علاج پر 120 ملین روپے خرچ کئے گئے۔ رپورٹ کے مطابق ایک بیوروکریٹ نے نامعلوم بیماری کے لاکھوں روپے وصول کئے۔ یوسف رضا گیلانی نے اپنے دور میں جاوید ہاشمی کو برطانیہ میں علاج کے لئے 46 لاکھ روپے ادائیگی کی منظوری دی۔ سینیٹر حاجی عدیل کے علاج پر 30 ہزار امریکی ڈالرز کا بل دیا گیا۔ مخدوم امین فہیم نے امریکہ میں شدید بخار میں 11 ہزار 565 ڈالر خرچ کئے ۔ سابق وفاقی وزیر مذہبی امور حامد سعید پر قاتلانہ حملہ کے بعد علاج پر 46 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔ ایک رپورٹ کے مطابق خوشنود اختر لاشاری کے یوسف رضا گیلانی کے پرنسپل سیکرٹری کے ناطے 68 لاکھ روپے ایسی بیماری پر خرچ کرائے جس کا نام کاغذات تک میں درج نہیں۔ 2012 میں گریڈ ایک کے سرکاری افسر مصدق کے علاج پر 64 لاکھ، او پی ایف کے سابق سیکرٹری اسلم پر 16 لاکھ خرچ کئے گئے۔ ملالہ یوسف زئی کے علاج پر 2012-13 میں برطانیہ میں کم از کم 4 کروڑ روپے خرچ کئے گئے تھے۔ مسلم لیگ (ق) کی شہناز شیخ کو کمر کی تکلیف پر 30 لاکھ روپے خرچ کئے گئے۔ مخدوم شہاب الدین پر 2010 میں 11 لاکھ روپے خرچ کئے گئے۔
پیپلزپارٹی دور میں15 شخصیات کے بیرون ملک علاج پر120 ملین خرچ کئے گئے: رپورٹ
Aug 17, 2015