اسلام آباد (محمد نواز رضا/وقائع نگار خصوصی) قومی اسمبلی کے حلقہ 19 ہری پور کے ضمنی انتخاب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) نے واضح برتری سے کامیابی حاصل کرکے یہ ثابت کردیا ہے کہ ہزارہ مسلم لیگ (ن) کا گڑھ ہے۔ عام انتخابات کے دو سال بعد ہونے والے ضمنی انتخاب میں 37 ہزار سے زائد ووٹوں کی اکثریت سے بابر نواز کی کامیابی سے یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ پچھلے دو سال کے دوران ہزارہ میں مسلم لیگ (ن) کا گراف بلند ہوا ہے جبکہ تحریک انصاف کی مقبولیت میں کمی آئی ہے۔ 11مئی 2013ء کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے عمر ایوب اور تحریک انصاف کے راجہ عامر زمان کے درمیان کانٹے دار مقابلہ ہوا تھا اور چند سو ووٹ سے کامیابی کا فیصلہ ہوا تھا لیکن پچھلے دو سال کے دوران مسلم لیگ (ن) نے ہزارہ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی ہے۔ این اے 19 کے ضمنی انتخاب میں 30 پولنگ سٹیشنوں پر بائیومیٹرک مشین نصب کرنے کا تجربہ کیا ہے جس کے بعد تحریک انصاف کیلئے ضمنی انتخاب میں دھاندلی کا الزام نہیں لگا سکے گی۔ سپریم کورٹ کی جانب سے این اے 19 پر ضمنی انتخاب کرانے کے فیصلے کے بعد ’’سٹنگ ایم این اے‘‘ عمر ایوب نے اپنی والدہ کی شدید علالت کے باعث انتخاب لڑنے سے معذوری کا اظہار کردیا تھا جس کے بعد وزیراعظم نوازشریف کے داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر نے بابر نواز کو پارٹی ٹکٹ دلوا دیا جس کے بعد سردار مشتاق نے مسلم لیگ (ن) میں دوبارہ شمولیت اختیار کرکے بابر نواز کی کامیابی کیلئے کام کیا۔ این اے 19 میں تحریک انصاف کے انتخابی جلسوں سے عمران خان اور ریحام خان نے خطاب کیا جبکہ وزیراعظم کے خصوصی معاون ڈاکٹر آصف کرمانی نے بڑے بڑے جلسوں سے خطاب کرکے انتخابی ماحول کو گرما دیا اور این اے 19 کی نشست مسلم لیگ (ن) کے نام لکھ دی۔ وزیراعظم محمد نوازشریف نے کامیاب انتخابی مہم پر ڈاکٹر آصف کرمانی کو شاباش دی ہے۔ مسلم لیگی حلقوں نے اس نشست کی کامیابی کا کریڈٹ مسلم لیگ (ن) کی ٹیم کو دیا ہے۔