کوئٹہ (صباح نیوز)آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل شیر افگن نے کہا ہے بلوچستان میں شورش کی عمر زیادہ نہیں یہ جلد ختم ہو جائے گی، دہشت گرد رہنما ڈاکٹر اﷲ نذر کی ہلاکت کی کوئی اطلاع نہیں۔ ایف سی اور دیگر فورسز دہشت گردی ختم کرنے کے لیے دن رات کام کر رہی ہیں۔ نجی ٹی وی سے انٹرویو میں ان کا کہنا تھا اصل کریڈٹ بلوچستان کے لوگوں کو جاتا ہے جو اس شورش کے سامنے اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا سب سے اہم چیز ہمارے لیے امن ہے اور ہمارے لوگوں کا بغیر خوف کے سفر کرنا ہے، کسی بھی جگہ آئی ای ڈی رکھی جا سکتی ہے اور دھماکہ خیز مواد رکھا جاسکتا ہے۔ ہم روزانہ چیک نہ کریں تو اس سے کتنا زیادہ نقصان ہو سکتا ہے پہلے دہشت گرد پولیس اور ایف سی کو نشانہ بناتے تھے اب وہ آسان اہداف کو نشانہ بناتے ہیں بہت کم جگہوں پر وہ کامیاب ہوتے ہیں بہت سارے واقعات ہم نے ناکام بنائے ہیں۔ انہوں نے کہا تربت میں مزدوروں کو قتل کرنے والوں کو یا تو مار دیا گیا ہے یا وہ پکڑے گئے ہیں یازخمی ہوگئے، لوگوں کے لاپتہ ہونے پر ہمیں بھی تشویش تھی اور تحقیقات سے پتہ چلا بیرونی انٹیلی جنس ایجنسیاں اس کام میں ملوث تھیں، قبائلی لوگ بھی ایک دوسرے کو دشمنی میں مارتے ہیں اور یہ آسان تھا مرنے والے کی جیب میں پرچی رکھ دیں کہ یہ خفیہ ایجنسیوں یا فورسز نے کیا ہے۔اب لاپتہ افراد کے حوالہ سے زیادہ بات نہیں ہوتی۔ اصل تبدیلی لوگوں کے فوج کے ساتھ ملنے کے نتیجہ میں آئی اس کام میں حکومت کی مکمل سرپرستی حاصل ہے۔
بلوچستان میں شورش کی عمر زیادہ نہیں، جلد ختم ہوجائیگی: آئی جی ایف سی
Aug 17, 2015