اقتصادی راہداری کی تکمیل یقینی بنانے کے لئے پاکستان سے ہر ممکن تعاون کریں گے: چین

Aug 17, 2015

بیجنگ (این این آئی) چین کے نائب وزیر لیو جیان چائو نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو ابھی دہشت گرد عناصر سے خطرات لاحق ہیں ٗاقتصادی راہداری کی تکمیل یقینی بنانے کے لئے پاکستان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے۔ پاکستانی اور چینی صحافیوں کے گروپ سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہاکہ چین دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی عوام، حکومت اور مسلح افواج کی قربانیوں کا اعتراف کرتا ہے۔ اقتصادی راہداری سڑکوں اور انفراسٹرکچر کا نام نہیں بلکہ یہ ملک کو موٹرویزسے منسلک کرے گا۔ رواں سال کے اوائل میں چینی صدر کے پاکستان کے دورے نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے لئے روڈ میپ دیا ہے، یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو بلندیوں تک پہنچانے کے لئے اہم موقع ہے ہمیں اس دورہ کے دوران اعلان کردہ منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے موقع سے استفادہ کرنا چاہئے۔ اقتصادی راہداری کے تحت توانائی کے منصوبوں سے پاکستان میں توانائی کے حالیہ بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی خصوصاً پسماندہ علاقوں میں بھی مثبت اثرات مرتب ہونگے۔ پاکستان چین اقتصادی راہداری کے تحت اہم منصوبوں میں گوادر پورٹ کی اپ گریڈیشن، گوادر پورٹ ایکسپریس وے ،گوادر انٹرنیشنل ائرپورٹ، اور کراچی سکھر موڑوے شامل ہیں۔ چینی قیادت دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لئے جاری آپریشن ضرب عضب کو سراہتی ہے کیونکہ اقتصادی راہداری کی تکمیل اور کامیابی کے لئے امن برقرار رکھناانتہائی اہم ہے ۔

مزیدخبریں