لندن میں ثناء اللہ زہری آج خان قلات سے تیسری ملاقات کرینگے

Aug 17, 2015

لندن (اے این این) ناراض بلوچوں کو منانے کی کوشش، ثناء اللہ زہری کی لندن میں خان آف قلات آغا سلمان داؤد سے آج تیسری ملاقات ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالمالک بلوچ کی ہدایت پر صوبائی وزیر اور مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے صدر سردار ثناء اللہ زہری لندن میں موجود ہیں جن کی وہاں نارض بلوچوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ثناء اللہ زہری نے لندن میں خان آف قلات آغا سلیمان داؤد سے دو ملاقاتیں کی ہیں ۔ثناء اللہ زہری اور سلمان داؤد کے درمیان 36گھنٹوں میں دو ملاقاتیں ہوئی ہیں۔جن میں بلوچستان کے قبائلی اور سیاسی معاملات پر بات چیت کی گئی۔ زہری نے خان آف قلات کو حکومت کا پیغام پہنچایا ہے اور انھیں ساتھیوں سمیت قومی دھارے میں شامل ہونے کی پیشکش کی ہے اور ان کے تمام تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔نواب ثناء اللہ زہری نے خان آف قلات کو کہا ہے کہ وہ صوبے کے مفاد کو پیش نظر رکھتے ہوئے وطن واپس آ جائیں ۔خان آف قلات نے نواب زہری سے کچھ وقت مانگا ہے اور دونوں رہنماؤں کی (آج) پیر کو پھر ملاقات کا امکان ہے۔ نواب ثناء اللہ زہری کی برطانیہ میں مقیم مزید ناراض بلوچوں سے ملاقاتوں کا بھی امکان ہے۔

مزیدخبریں