نئی دہلی( اے این این) بھارت کو پاکستانی فورسز کی طرف سے سرحد پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے الزام کی آڑ میں پاکستان کے ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرنا مہنگا پڑ گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق وزارت خارجہ میں سیکرٹری ایسٹ انیل ودھوا نے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کو طلب کرکے پاکستانی فورسز کی طرف سے مبینہ طورپر کنٹرول لائن اور بین الاقوامی سرحد پر فائرنگ اور گولہ باری کے واقعات پر احتجاج ریکارڈ کرایا۔ انیل ودھوا سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالباسط نے کہاکہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کس طرف سے ہورہی ہے یہ دیکھنے کی ضرورت ہے، ہم چاہتے ہیں کہ موثر میکنزم کے ذریعے اس بات کا تعین کیا جائے کہ کس جانب سے خلاف ورزی ہورہی ہے۔ ہمیں خود کنٹرول لائن اور ورکنگ بائونڈری پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے تشویش ہے۔ پاکستانی ہائی کمشنر نے بھارتیوں کو نئے امتحان میں ڈال دیا۔ واضح رہے بھارت مسلسل پاکستانی فورسز پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کررہا ہے۔ اسلام آباد میں اپنے ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کیے جانے کے بعد ردعمل کے طورپر اس نے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر کو طلب کیا۔ پاکستان نے بھارت کو جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کی پیشکش کئی بار کی گئی مگر ہمسایہ ملک نے ہمیشہ اس سے راہ فرار اختیار کی ہے۔ اے ایف پی کے مطابق بھارت نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستانی فوج کی مقبوضہ کشمیر کے علاقہ میں فائرنگ اور گولہ باری سے 6افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔