شام : فضائیہ کے طیاروں کی مارکیٹ پر بمباری‘ 82 افراد جاں بحق‘ 200 زخمی

دمشق/ استنبول (صباح نیوز+اے ایف پی) شام کے دارالحکومت دمشق کے شمالی علاقے دوما کی مارکیٹ پر ائرفورس کے طیاروں کی بمباری میں بچوں اور خواتین سمیت 82جاں بحق200زخمی ہو گئے۔ ایران نے شام میں کرد اکثریتی علاقے الزبدانی اور دوسرے علاقوں سے نقل مکانی کرنے والے شہریوں کی واپسی کے سلسلے میں شامی باغیوں سے مذاکرات کئے ہیں ۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق معلوم ہوا ہے کہ ایران خانہ جنگی کے دوران خالی ہونے والے علاقوں میں شیعہ آبادی کی فرقہ وارانہ بنیادوں پرآباد کاری کی سازش کر رہا ہے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق شامی باغیوں اور ایران کے نمائندوں کے درمیان مذاکرات حال ہی میں ترکی کے شہر استنبول میں ہوئے۔ مذاکرات میں دمشق کے مضافاتی سرحدی علاقے الزبدانی، ادلب کے کفریا اور الفوعہ قصبوں میں شہریوں کی واپسی اور آباد کاری کے فریم ورک پر بات چیت کی گئی۔ شامی مذاکراتی ٹیم کے ایک مقرب ذریعے نے بتایا کہ الزبدانی میں باغیوں اور شامی فوج کے درمیان جنگ بندی کی ایرانی کوشش ناکام ہوگئی ہے کیونکہ ایران الزبدانی اور ادلب کے دو قصبوں کے سنی باشندوں کو حمص کے القصیر کے علاقے میں آباد کرنے پر زور دے رہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ القصیر پر 2013ءکے موسم گرما میں بشارالاسد کے حامی شیعہ عسکری گروپ حزب اللہ نے قبضہ کرلیا تھا تاہم اب وہ علاقہ خالی ہے۔ ایرانی حکام چاہتے ہیں کہ الزبدانی اور ادلب کے دو خالی ہونے والی قصبوں کے باشندوں کو دوبارہ ان کے علاقوں میں آباد کرنے کے بجائے القصیر میں منتقل کردیا جائے تاہم باغیوں نے ایران کی یہ تجویز ناقابل عمل قرار دے کر مسترد کردی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ہراستہ پر بھی راکٹ فائر کئے گئے۔ دوما میں امدادی سرگرمیوں میں شریک اہلکاروں پر بھی بم گرائے گئے، فوجی ترجمان نے دعویٰ کیا اس علاقے میں جنگجو گروپ ”اسلام آرمی“ کے ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنایا۔

شام/بمباری

ای پیپر دی نیشن