ریو ڈی جنیرو(سپورٹس ڈیسک )اولمپکس میں برازیل نے پول والٹ مقابلوں میں اولمپکس میں اپنا پہلا تمغہ جیتا وہیں بہاماس کی شانی ملر نے گولڈ میڈل کے لیے سر دھڑ کی بازی لگا دی۔برازیل کے تیاگو براس ڈی سلوا نے بارش سے متاثرہ پول والٹ کے مقابلے میں 6.03 میٹر اونچی جست لگا کر نیا عالمی ریکارڈ بھی قائم کیا۔یہ ریو میں برازیل کا دوسرا طلائی تمغہ ہے۔عورتوں کی چار سو میٹر کی دوڑ میں اس وقت ڈرامائی مناظر دیکھنے میں آئے جب بہاماس کی شانی ملر نے اپنے آپ کو فنش لائن پر گرا کر امریکی ایتھلیٹ ایلیسن فیلیکس کو پیچھے چھوڑ دیا۔شانی ملر نے یہ فاصلہ 49.44 سیکنڈ میں طے کیا۔ایتھلیٹکس میں ہی کینیا کے ڈیوڈ روڈیشا نے بارش سے متاثرہ مقابلے میں اپنے 800 میٹر کے اعزاز کا دفاع کرتے ہوئے اپنے ہم وطن حریف ایلفریڈ کِپکیٹر کو پیچھے چھوڑ دیا۔بحرین کی روتھ جیبیت نے عورتوں کی تین ہزار میٹر کی سٹیپل چیز میں نہ صرف سونے کا تمغہ جیتا بلکہ اس دوڑ کی تاریخ میں دوسرا تیز ترین ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔کْشتی مقابلے میں کیوبا کے میہین لوپیس نونیس نے ترکی کے رضا کایالپ کو شکست دے کر طلائی تمغہ حاصل کیا۔ یہ ریو میں ان کا تیسرا طلائی تمغہ ہے۔شارلٹ ڈوڑاڈن کے طلائی تمغے کی بدولت ریو میں برطانیہ کے طلائی تمغوں کی تعداد 16 تک پہنچ گئی ہے۔ڈوڑاڈن نے گھڑ سواری میں برطانیہ کے لیے سونے کا تمغہ جیتا۔ وہ اولمکپس مقابلوں میں تین طلائی تمغے جیتنے والی دوسری خاتون ہیں۔ ریو میں شام کے وقت بارش سے کئی کھیل متاثر ہوئے۔ مردوں کی 110 میٹر کی رکاوٹوں کی دوڑ کو تیز بارش کے باعث ملتوی کرنا پڑا۔ اسی طرح مردوں کے پول والٹ اور عورتوں کے ڈسکس تھرو کے مقابلے بھی بارش کی زد میں آ گئے۔کشتی رانی کے مقابلے بھی ہواؤں کی وجہ سے متاثر ہوئے۔ بارش کے باعث تماشائیوں کی تعداد میں بھی خاصی کمی دیکھنے میں آئی۔ امریکہ 28 گولڈ 27 چاندی اور 27 کانسی کے تمغوں کے ساتھ سر فہرست ہے ۔برطانیہ 17 گولڈ 17 چاندی اور 10 کانسی کے ساتھ دوسرے ‘چین 15 گولڈ 15 چاندی اور 18 کانسی کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔روس 12 گولڈ کے ساتھ چوتھے ‘جرمنی 10 گولڈ کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔
ریو اولمپکس: برازیل کا پول والٹ میں نیا عالمی ریکارڈ، میڈلز میں امریکہ سرفہرست
Aug 17, 2016