اسلام آباد/ کوئٹہ (نمائندہ خصوصی+ این این آئی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے اور پہلے مرحلے کے منصوبے 2017-18ء میں مکمل ہوجائیں گے۔ مغربی روٹ پر کام کی رفتار سے مطمئن ہیں۔ منصوبے میں ایک انچ تبدیلی نہیں ہوگی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی مغربی روٹ پر کام کیلئے مقامی انجینئرز کو کام دیا جائے تاکہ مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر ہو سکیں۔ وفاقی وزیر نے ان خیالات کا اظہار وزارت منصوبہ بندی میں چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔