کراچی (کرائم رپورٹر) رینجرز نے کراچی کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر جرائم میں ملوث سیاسی کارکنوں سمیت 11 ملزمان کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے اسلحہ‘ ایمونیشن‘ منشیات اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا۔ رینجرز کے ترجمان کے مطابق ڈیفنس‘ سعود آباد اور تیموریہ میں کارروائی کے دوران ایم کیو ایم لندن کے کارکن ملزمان عبدالوہاب عرف لوٹا اور شہزاد رضا عرف لالی کے علاوہ ایم کیو ایم حقیقی کے کارکن شاہد شریف کو گرفتار کیا گیا جو ٹارگٹ کلنگ‘ بھتہ خوری اور جبری چندہ اور فطرہ کی وصولی میں ملوث ہیں۔ اقبال مارکیٹ اور ناظم آباد سے بھتہ خوری اور منشیات فروشی سمیت دیگر جرائم میں ملوث گینگ وار کے 3 کارکنوں فیاض مراد‘ علی بلوچ اور فراز احمد کی گرفتاری عمل میں آئی۔ شاہ فیصل کالونی سے ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ملزم فیصل اور تیموریہ سے سٹریٹ کرائمز میں ملوث ملزم یوسف کو گرفتار کیا گیا جبکہ سعود آباد اور شاہ فیصل کالونی میں چھاپے مار کر 2 منشیات فروشوں آدم اور تنویر کو گرفتار کیا گیا۔ دریں اثناء قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فیڈرل بی ایریا میں چھاپہ مار کر ایم کیو ایم لندن سے تعلق رکھنے والے ملزم وسیم بیلجیئم کو گرفتار کر لیا۔ گزری میں دو ڈاکو شہریوں کے ہتھے چڑھ گئے‘ تشدد کے بعد اسلحہ اور موٹر سائیکل سمیت پولیس کے حاولے کر دیا۔ پولیس کے مطابق دونوں ملزمان فیض الرحمان عرف کوڈو اور اسماعیل اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں ملوث ہیں ان کے قبضے سے برآمد ہونے والی موٹر سائیکل فریئر کے علاقے سے چھینی گئی تھی۔ گلشن حدید میں کمسن بچے کا قتل۔ نعش کاشیانہ شادی ہال کے قریب جھاڑیوں سے ملی۔ پولیس کے مطابق بچے کی عمر تقریباً 5 سال تھی فوری طور پر اس کی شناخت نہیں ہو سکی ہے تاہم لاش دو دن پرانی ہے‘ بچے کو تشدد کر کے ہلاک کیا گیا ہے۔ واقعہ کے بارے میں تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔نیو کراچی میں فائرنگ سے فیضان نامی شخص ہلاک ہو گیا۔
کراچی: رینجرز کی کارروائیاں‘ ٹارگٹ کلرز‘ بھتہ خور سمیت 11 گرفتار، 5 سالہ بچے کی نعش برآمد
Aug 17, 2017