پانامہ کیس : نیب نے نوازشریف‘ حسین‘ حسن کو کل طلب کر لیا‘ اسحاق ڈار‘ طارق شفیع کو بھی بلا لیا گیا

Aug 17, 2017

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ نیشن رپورٹ) نیب نے عزیزیہ سٹیل ملز اور دوسرے امور کے بارے میں معلومات لینے کے لیے سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف، ان کے صاحبزادوں حسین اور حسن نواز شریف کو کل طلب کر لیا ہے۔ نیب نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور نواز شریف کے کزن طارق شفیع کو بھی طلبی کا نوٹس جاری کیا ہے۔ حسین نواز اور حسن نواز کو 18 اگست کو لاہور میں نیب کی ٹیم نے بلایا ہے جبکہ وزیر خزانہ اسحق ڈار کے خلاف ذرائع آمدن سے زائد اثاثوں کے معاملہ میں بھی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور ایس ای سی پی سے اسحاق ڈار کی کمپنیوں کے حوالے سے تفصیلات طللب کی ہیں۔ نیب کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے سپریم کورٹ کے پانامہ کیس فیصلہ کی روشنی میں شریف فیملی اور وزیرخزانہ کے خلاف ریفرنسز دائر کرنے کے عمل میں تحقیقاتی عمل کا آغاز کر دیا ہے۔ راولپنڈی اور لاہور میں تحقیقاتی ٹیمیں مقرر کر دی گئی ہیں اور ان کے نگران بھی مقرر کئے جا چکے ہیں شریف خاندان کے افراد کے خلاف عزیزیہ سٹیل ملز‘ لندن فلیٹس سمیت متعدد ریفرنسز دائر ہونا ہے جبکہ وزیر خزانہ کے خلاف ذرائع آمدن سے زائد اثاثے کا ریفرنس دائر ہونا ہے۔ وزیر خزانہ اور ان کے خاندان کے تحت کمپنیوں کا ریکارڈ بھی ایس ای سی پی سے مانگا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں نیب نے ایس ای سی پی کو خط لکھا ہے۔ دوسری طرف نیب میں پانامہ کیس فیصلے کی روشنی میں اہم فیصلے کئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق شریف خاندان کیخلاف 4 ریفرنسز کی تیاری کیلئے 2 مشترکہ تحقیقاتی ٹیمیں تشکیل دیدی گئیں۔ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم راولپنڈی کی سربراہی ڈائریکٹر نیب راولپنڈی رضوان احمد کر رہے ہیں۔ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم لاہور کی سربراہی میجر (ر) شہزاد سلیم کر رہے ہیں۔ نیب لاہور کی ٹیم نے ایوان فیلڈ اپارٹمنٹس اور اسحاق ڈار کے اثاثوں کی تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ شریف خاندان کے بارے میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیموں نے باقاعدہ کام کا آغاز کر دیا۔ نیب سپریم کورٹ کی جانب سے بھجوائے گئے مواد کی روشنی میں تحقیقات کرے گی۔ نیب آرڈیننس کے تحت چند دیگر ملکوں سے بھی کیسز سے متعلق مدد طلب کی گئی ہے۔ نیب کو شریف فیملی، اسحاق ڈار، کیپٹن صفدر کیخلاف 8 ستمبر تک ریفرنسز دائر کرنے ہیں۔ اسحاق ڈار کی اہلیہ، دونوں بیٹیوں اور بہو کی کمپنیوں کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا گیا ہے۔ نیب لاہور اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنس تیار کرے گی۔ علاوہ ازیں نیشن نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ مریم نواز شریف اور کیپٹن (ر) صفدر کو دوسرے کرپشن کیسز میں ہفتے کے آخر تک طلبی کے سمن جاری کئے جائیں گے۔ اس حوالے سے نیشن نے نیب حکام سے ٹیلی فون اور میسجز کے ذریعے رابطہ کرنے کی کوشش کی تاہم انہوں نے کوئی جواب نہ دیا۔ذرائع شریف فیملی کے مطابق نیب راولپنڈی کی طرف سے نوٹس نہیں ملا۔ شریف فیملی کی طرف سے نیب معاملے پر مختلف آپشنز پر غور کیا جا رہا ہے۔ نیب تفتیش کا بائیکاٹ یا ہائی کورٹ میں چیلنج کیا جا سکتا ہے۔ نظرثانی درخواست کے فیصلے تک انویسٹی گیشن روکنے کا آپشن موجود ہے۔

نیب/ طلب

مزیدخبریں