امریکہ نے مقبوضہ کشمیر میں آزادی کیلئے لڑنے والی حزب المجاہدین کو دہشت گرد تنظیم قرار دیدیا....

Aug 17, 2017

واشنگٹن+مظفر آباد (نیٹ نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) امریکہ نے مقبوضہ کشمیر میں آزادی کے لئے لڑنے والی تنظیم حزب المجاہدین کو بھارت کے قبضے کے خلاف حالیہ احتجاج پر دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کر لیا۔ امریکی حکومت نے حزب المجاہدین کے سربراہ سید صلاح الدین کو پہلے ہی 'عالمی دہشت گرد' قرار دیا تھا لیکن وہ تاحال کشمیر میں فعال ہیں جبکہ ان کی تنطیم کو بڑی حمایت بھی حاصل ہے۔ سٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے امریکی شہریوں اور رہائشیوں پر حزب المجاہدین سے کسی قسم کا رابطہ رکھنے پر پابندی عائد کر دی ہے جبکہ ان کے حدود میں حزب المجاہدین کے اکاو¿نٹ کو بھی منجمد کردیا جائے گا۔ سٹیٹ ڈپارٹمنٹ کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ اس حکم سے امریکی عوام اور عالمی برادری کو واضح کیا جاتا ہے کہ حزب المجاہدین ایک دہشت گرد تنظیم ہے'۔ ان کا کہنا ہے کہ 'دہشت گردی کی نمائش تنظیموں اور افراد کو سامنے لے کر آتی ہے اور انھیں امریکی مالیاتی نظام تک رسائی نہیں دی جاتی ہے جبکہ یہ فیصلہ امریکی قانون نافذ کرنے والے اداروں اور حکومت کی سرگرمیوں کے لیے مددگار ہوسکتا ہے۔ شہید برہان والی حزب المجاہدین کے کمانڈر تھے۔ حزب المجاہدین کے سربراہ سید صلاح الدین نے کہا ہے کہ امریکہ کا حزب المجاہدین کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کا فیصلہ افسوسناک ہے ٹرمپ انتظامیہ مودی کی خوشنودی کیلئے حزب المجاہدین پر پابندی عائد کی ٹرمپ انتظامیہ نے فیصلے میں عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کوپامال کیا۔ حزب المجاہدین مقبوضہ جموں و کشمیر کی مقامی تنظیم ہے۔
حزب المجاہدین

مزیدخبریں