وزیراعظم سے عبدالقادر بلوچ و دیگر وزراءکی ملاقات‘ متعلقہ امور پر بریفنگ

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو سی ڈی اے کے امور کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے سی ڈی اے کو ہدایت کی کہ دیہی اور شہری زمین کی ترقی کے لئے جدت پر مبنی حل تلاش کئے جائیں۔ سروسز کو مربوط کیا جائے اور میونسپل شکایات کے ازالہ کا میکنزم ہونا چاہئے۔ وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ سڑکوں کا ڈیزائن استعمال کرنے والوں کے لئے دوستانہ ہونا چاہئے‘ ناجائز تجاوزات کا خاتمہ ہونا چاہئے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی تمام تجاویز اور ان پر عملدرآمد کے میکنزم پر مبنی جامع رپورٹ دی جائے۔ بریفنگ میں وزیر مملکت کیڈ طارق فضل چودھری‘ میئر اسلام آباد اور چیئرمین سی ڈی اے انصر عزیز شیخ بھی موجود تھے۔ دریں اثناءوزیراعظم کے مشیر سردار مہتاب احمد خان نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں شہری ہوابازی کے امور اور سیاسی اہمیت کے معاملات پر بات چیت کی گئی۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔ وزیر مذہبی امور نے وزارت کے امور کے بارے میں بتایا۔ مانسہرہ کی ترقیاتی سکیموں کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دریں اثناءپاکستان بزنس کونسل کے وفد نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت نائب چیئرمین توفیق چنائے نے کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے کاروباری برادری کی سہولت کےلئے بڑی پالیسی اصلاحات کی ہیں خصوصی معاشی زون بنانے کا قانون تیار ہو گیا ہے‘ حکومت سیکورٹی حالات میں بہتری لائی ہے جس کی بدولت کراچی میں کاروباری طبقہ امن و امان کے ماحول میں کام کرتا ہے‘ پاکستان کی معیشت کے عشاریئے درست سمت میں ہیں اور اس کو بین الاقوامی ریٹنگ ادارے تسلیم کر رہے ہیں‘ پاکستان علاقائی معیشتوں میں نمایاں مقام حاصل کرنے کا اہل ہو گیا ہے۔ وزیر برائے سیفران لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عبدالقادر بلوچ نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی۔ انہوں نے وزارتی امور کے بارے میں بتایا۔ ملاقات میں فاٹا اصلاحات کے بارے میں بھی تبادلہ خیالات کیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن