پیرپگاڑا کی رہائش گاہ پر اجلاس‘ لیگی دھڑوں کے اتحاد کیلئے کمیٹی قائم

Aug 17, 2017

کراچی (اسٹاف رپورٹر) فنکشنل مسلم لیگ کے سربراہ پیر پگارا کی رہائش گاہ پر ہونے والے مسلم لیگ کے مختلف دھڑوں کے سربراہوں اور رہنماﺅں کے اجلاس میں مسلم لیگ کے دھڑوںکے اتحاد کے لئے کمیٹی قائم کردی گئی۔ اجلاس میں پیر پگارا‘ چوہدری شجاعت حسین‘ غوث علی شاہ‘ صدر الدین شاہ‘ طارق خورشید چیمہ‘ طارق حسن‘ پرویز علی شاہ‘ راﺅ آس محمد اور دیگر رہنماﺅں نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت‘ غوث علی شاہ اور صدر الدین شاہ نے بریفنگ دی اوربتایا کہ کمیٹی میں غوث علی شاہ‘ پرویز الہیٰ‘ سردار رحیم اور طارق چیمہ شامل ہوں گے۔ چوہدری شجاعت نے کہا مسلم لیگ کے اتحاد کے لئے سب کے پاس جائیں گے سب سے بات کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا الیکشن ہونا مشکل دکھائی دے رہا ہے۔ سابق وزیراعلیٰ غوث علی شاہ مسلم لیگ کو ایک کرنے کاکام ذمہ داری سے کریں گے۔ مسلم لیگ پاکستان کی خالق جماعت اور وفاق کی علامت ہے۔ سید غوث علی شاہ سے ان کی رہائش گاہ پرملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین نے کہاکہ میں سید غوث علی شاہ کا مشکور ہوں کہ انہوں نے مجھے عزت دی‘ انہوں نے کہاکہ ملک کے حالات بہت زیادہ بگڑ چکے ہیں‘ اب بھی اصل مسلم لیگی اپنے اپنے گھروں میں بیٹھے ہوئے ہیں اگر وہ اب بھی باہر نہ نکلے تو خدانخواستہ ملک کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور کوئی بڑا حادثہ رونما ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگیوں کو اکٹھا کرنے کی تو کافی عرصے سے کوششیں ہو رہی ہیں لیکن اس مرتبہ ہمیں امید ہے کہ اس سمت جس طرح سے اور جس تیزی سے کام ہو رہا ہے ہم مسلم لیگی دھڑوں کو متحد کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن اور پی پی پی کے بہت سے لوگ رابطے میں ہیں وقت آنے پر وہ ہمارے ساتھ ہوں گے۔ سید غوث علی شاہ نے کہاکہ چوہدری شجاعت حسین ایک مشن کے تحت میرے پاس آئے ہیں جس کے تحت ہم سب کوشش کر رہے ہیں کہ مسلم لیگی دھڑوں کو یکجا کیا جائے۔ انہوں نے جو باتیں مجھ سے کی ہیں ان سے میں نے اتفاق کیا ہے مجھے یقین ہے کہ اس دفعہ ہم مسلم لیگی دھڑوں کو یکجا کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے مسلم لیگ پاکستان کی خالق جماعت ہے اس کی پاکستان اور پاکستانی عوام کے لئے بہت خدمات ہیں یہ پاکستان کو محفوظ رکھتے ہوئے دولخت ہونے سے بچا سکتی ہے۔

مزیدخبریں