کراچی (وقائع نگار)سندھ ہائی کورٹ نے سانحہ صفورا میں فوجی عدالت کی سزائے موت کے خلاف دہشت گردوں کی اپیلوں سے متعلق درخواست کی سماعت 2اکتوبر تک ملتوی کردی ہے ۔جمعرات کو سندھ ہائی کورٹ میں فوجی عدالت سے سزا پانے والے دہشت گرد سعد عزیز،طاہر منہاس،اظہر عشرت، حافظ ناصر اور اسد الرحمان کی درخواستوں کی سماعت ہوئی ۔فوجی عدالت نے دہشت گردوں کو سانحہ صفورا اور دہشت گردی کے دیگر مقدمات میں سزا موت سنائی تھی۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ درخواست گزاروں کو فوجی عدالت نے مختلف الزامات میں موت کی سزا سنائی ہے ۔مجرمان کے اہل خانہ کو مقدمات کی تفصیلات نہیں بتائی جارہی ہے ۔اہل خانہ کی مجرموں سے ملاقات کرائی جائے اور سزا پر عمل درآمد روکا جائے ۔سپریم کورٹ کے فیصلوں کی روشنی میں مجرمان کی اپیل دائر کرنے کا موقع دیا جائے ۔پراسیکیوٹر جنرل سندھ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ مجرموں کو ملٹری کورٹ نے سنگین جرم میں سزا سنائی ہے ۔ملٹری کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل سپریم کورٹ میں دائر کی جاسکتی ہے۔عدالت نے درخواست گزار کے وکیل حشمت حبیب ایڈووکیٹ دلائل کے لیے مہلت دیتے ہوئے سماعت 2اکتوبر تک ملتوی کردی ہے ۔
سزائے موت اپیل
سا نحہ صفورا میں فوجی عدالت سے سزائے موت کے 2 دہشت گردوں کی ا پیل سے متعلق درخواست کی سماعت ملتوی
Aug 17, 2018