بھارتی میڈیابڑاہوجائے ، فوجی تربیتی پروگرام معطل کرنے پرامریکہ سے مذاکرات جاری ہیں :ترجمان دفتر خارجہ

Aug 17, 2018

اسلام آباد(این این آئی)ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف واویلا کرنے پر بھارتی میڈیا کو بڑے ہونے کا مشورہ دیتے ہوئے کہاہے کہ بھارت ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے ٗ پاکستان میں بھارتی جاسوس کلبھوشن کی موجودگی بھارتی وزیراعظم کے دعوؤں کی نفی ہے ٗپاکستان کلبھوشن کیس عالمی عدالت انصاف میں لڑیگا ٗفنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے وفد سے وزارت خزانہ کے حکام کام کررہے ہیں۔ جمعرات کو دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے عمران خان کے خلاف بھارتی میڈیا کے واویلا پر تبصرہ کیا اور کہاکہ بھارتی میڈیا کو بڑے ہوجانے کی ضرورت ہے۔ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ بھارت ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے اور پاکستان میں بھارتی جاسوس کلبھوشن کی موجودگی بھارتی وزیراعظم کے دعوؤں کی نفی ہے تاہم پاکستان کلبھوشن کیس عالمی عدالت انصاف میں لڑے گا۔اس دوران انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت سے 5 مزید شہری شہید ہوچکے ہیں ٗ حریت رہنماؤں کی جیل میں صحت سے متعلق خبروں پر تشویش ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ پاکستان کا سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہونا تعلقات کی بنیاد پر ہے تاہم پاکستان سعودیہ اورکینیڈا کی سفارتی کشیدگی کو مانیٹر کر رہا ہے۔ڈاکٹر فیصل کے مطابق فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے وفد سے وزارت خزانہ کے حکام کام کررہے ہیں۔علاوہ ازیں انہوں نے بتایا کہ امریکا سے فوجی تربیت کا پروگرام معطل ہوگیا ہے اور اس معاملے پربات چیت جاری ہے ۔ انہوں نے کہا پاکستان سارک سربراہ کانفرنس کیلئے تیار ہے۔
دفتر خارجہ

مزیدخبریں