واشنگٹن (صباح نیوز)امریکی ٹی وی کے مزاحیہ پروگرام میں میزبان کی جانب سے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے تشبیہ دینے پر تنازع شروع ہوگیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق دا ڈیلی شو کے نام سے میزبان ٹریور نوح نے تقریبا 5 منٹ کا پروگرام کیا جس میں انہوں نے یہ دکھانے کی کوشش کی کہ عمران خان اور ڈونلڈ ٹرمپ میں کافی مماثلت پائی جاتی ہے۔ ٹریور نے دونوںسیاست دانوں سے متعلق بعض پرانے پروگرامز کے مناظر دکھائے جن میں عمران خان کو دولت مند، خوش شکل اور خواتین میں مقبول بتایا گیا تھا۔ٹریور نے مزاحا ًکہا کہ کیا یہ پاکستانی ٹرمپ ٹاور نہیں ہے؟۔ پھر عمران خان اور ٹرمپ کی ایک ساتھ تصاویر بھی دکھائی گئیں جنہیں جڑواں کا عنوان دیا گیا۔ پھر مزید کلپز دکھائے گئے جن میں عمران خان کو حکومت چلانے میں ناتجربہ کار، قوم پرست، عوامیت پسند، تضاد بیان قرار دیا گیا۔ میزبان نے کہا کہ ٹرمپ اور عمران خان دونوں پر ہی جنسی ہراسانی سے متعلق الزام لگے اور دونوں نے ہی تین تین شادیاں کیں۔ٹریور نوح کے اس پروگرام پر پاکستان میں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا جارہا ہے۔ پی ٹی آئی کے مخالفین نے ہمیشہ کی طرح اس موقع کو بھی ہاتھ سے جانے نہ دیا اور عمران خان پر تنقید اور ان کے استہزا کیلئے استعمال کیا۔دوسری جانب پی ٹی آئی کے حامیوں نے ٹریور کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اپنے کپتان کا دفاع کیا ۔