بیجنگ/ اسلام آباد (آئی این پی+ سنہوا + صباح نیوز) جمہوری اداروں کے استحکام کے معاملے پر نومنتخب سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر جلد تمام حکومت اپوزیشن رہنماؤں کو اکٹھا کریں گے۔ پارلیمانی کارروائی کو خوش اسلوبی سے جمہوری انداز میں چلانے کے لئے مشاورت کی جائے گی۔ سپیکرنے پارلیمانی جماعتوں کا اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ گذشتہ روز اس بارے میں بعض سرکردہ اراکین قومی اسمبلی سے مشاورت بھی کی گئی۔ ذرائع کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے سیاسی اور جمہوری قوتوں میں قومی معاملات پر ہم آہنگی کے لئے کام شروع کر دیا ہے۔ اس ضمن میں انہوں نے بعض سرکردہ اراکین قومی اسمبلی کو اعتماد میں لیا ہے۔ ان ارکان کے مشورے سے حکومت اپوزیشن کا جلد اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔چین کی قومی عوامی کانگرس کی مجلس قائمہ کے صدر لی چان شو نے پاکستانی قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر کے نام تہنیتی پیغام بھیجا ہے۔ انہوں نے اسد قیصر کو سپیکر منتخب ہونے پر مبارک باد دی اور نیک تمناوْں کا اظہار کیا ہے۔ ایرانی سپیکر نے کہا ہے کہ ایران پاکستان کو اپنا دوست وبھائی تصور کرتا ہے جب کہ نومنتخب سپیکر قومی اسمبلی پاکستان اسد قیصر نے کہا ہے کہ دونوں ہمسایہ ممالک کے مابین قریبی روابط خطے میں امن واستحکام کے لیے ناگزیر ہیں اس امر کا اظہارپاکستان ایران سپیکرز نے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران کیا۔ دونوں ہم منصب ایک دوسرے کے ملکوں کا دورہ کریں گے، دعوت قبول کر لی گئی ہے۔ سپیکر علی لاریجانی نے نومنتخب سپیکر اسد قیصر کو تہنیتی ٹیلی فون کیا اور انہیں پاکستان کی قومی اسمبلی کا سپیکر منتخب ہونے پر مبارک باد دی۔ بعدازاں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے غیرمعمولی تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور انہیں نئی بلندیوں سے ہمکنار کرنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مشکل وقت میں متحدہ عرب امارات کی فراخ دلانہ امداد پر متحدہ عرب امارات کی حکومت اور عوام کا مشکور ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حامد عبیدابراہیم سالم الاظبی سے گفتگو کرتے کیا جنہوں نے جمعرات کے روز پارلیمنٹ ہائوس میں سپیکر سے ملا قات کی۔ متحدہ عرب امارات کے سفیر حامد عبید ابراہیم سالم الاظبی نے اسد قیصر کو قومی اسمبلی کا سپیکر منتخب ہو نے پر مبارکباد دی۔