شیخوپورہ/ گجرات/ عارفوالا (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت) تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی میاں خالد محمود کے ڈیرہ پر چودھری پرویز الٰہی کی بطور سپیکر پنجاب اسمبلی کامیابی کی خوشی میں تحریک انصاف کے کارکنوں میں مٹھائی تقسیم کرنے کیساتھ عمران خان کے حق میں نعرے بازی بھی کی گئی۔ میاںخالد محمود کاشمار چودھری پرویز الٰہی کے قریبی ترین ساتھیوںمیں ہوتا ہے۔ میاں خالد محمود نے کہاکہ چودھری پرویز الٰہی کی بھاری اکثریت سے کامیابی نے ثابت کردیا ہے کہ آئندہ وزیراعلیٰ پنجاب بھی پی ٹی آئی کا ہوگا۔ لیگی ارکان کا چودھری پرویز الٰہی کو ووٹ دینا اپنی قیادت پر عدم اعتماد کا اظہار ہے۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ (ق) کے صوبائی نائب صدر چودھری شکیل عطاء اللہ ورک کے ڈیرہ پر جشن منایا گیا جہاں پر کارکنوں نے آتش بازی کیساتھ ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور عمران خان، چودھری پرویز الٰہی کے حق میں زبردست نعرے بازی اس موقع پر کارکنوں میں منوں مٹھائی تقسیم کی گئی۔ چودھری شکیل عطاء اللہ ورک نے کہاکہ چودھری پرویز الٰہی کا 201 ووٹ لیکر سپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہونا پنجاب کی سیاست میں ایک بڑی تبدیلی کی بنیاد ہے۔ پنجاب کی پگ دوبارہ گجرات میں آنے پر لیگی کارکنوں کا جشن، ایک دوسرے کو مبارکبادیں دیتے رہے۔ گجرات میں مقامی میرج ہال کے باہر ڈھولوں کی تھاپ پر نوجوان پارٹی پرچم تھام کر بھنگڑے ڈالتے رہے، ایک دوسرے کو مٹھائی کھلاتے رہے کرنسی نوٹ بھی نچھاور کیے جاتے رہے۔ عارف والا میں بھی جشن کا سماں مسلم لیگ ق کے کارکنوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑ ا ڈالا اور مٹھائی تقسیم کی۔