اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) شہبازشریف نے ایل او سی پر بھارتی فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سلامتی کونسل کو بھارتی جنگی جنون کا نوٹس لینا چاہئے، بھارتی اوچھے ہتھکنڈے مقبوضہ کشمیرمیں مظالم سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹا سکتے۔ اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ حالات کو اقوام متحدہ کے نوٹس میں لائیں۔ اقوام متحدہ اپنے فوجی مبصر گروپ کی رپورٹ کی روشنی میں بھارت کے خلاف اقدامات کرے۔ بھارتی اوچھے ہتھکنڈے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹا سکتے۔ مادر وطن پر قربان ہونے والے فوجی جوان رمضان اور دو شہریوں کی شہادتوں پر رنج وغم کا اظہار کرتے ہیں۔ شہبازشریف نے کچلاک میں مسجد میں دھماکے کی مذمت اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار رنج وغم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے بڑھتے واقعات پر گہری تشویش ہے، وزیراعظم اور وزیر داخلہ اس اہم معاملے کو مسلسل نظرانداز کر رہے ہیں جو دانشمندانہ نہیں۔