کوئٹہ+ اسلام آباد (امجد عزیز بھٹی سے+نمائندہ خصوصی+نیوز رپورٹر) کوئٹہ کے نواحی علاقے کچلاک میں مسجد میں بم دھماکے کے نتیجے میں 5نمازی شہید جبکہ 22زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو کوئٹہ کے نواحی علاقے کچلاک کلی قاسم میں واقع مسجد میں دہشت گردوں نے منبر کے نیچے ٹائم بم نصب کر رکھا تھا جو زوردار دھماکے سے پھٹنے کے نتیجے میں 7نمازی محمد خان ولد حبیب اللہ ، حمد اللہ ولد مولوی محمد خان، رحیم گل ولد محمد علی، حاجی محمد سرور ولد فضل محمد و دیگر شہید ہونیوالوں میں شامل ہیں جبکہ 22 افراد عزت اللہ، حاجی مراد، محمد قسیم، قدرت اللہ، حکمت، حاجی ندا، وحید اللہ، حاجی اکبر، عبدالجبار، عبدالحکیم، آغا محمد، صدیق، عبدالرحمن، عزت اللہ، حیات اللہ، عبدالدھیان، رحیم الدین، سعد الدین، حاجی غلام سرور، رحمت اللہ، عنایت اللہ زخمی ہوگئے۔ دھماکے میں افغان طالبان کے رہنما ہیبت اللہ اخوند زادہ کے چھوٹے بھائی حافظ احمد اللہ بھی شہید جبکہ ان کا بیٹا زخمی ہو گیا ۔دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور پورے علاقے کو گھیرے میں لیکر نعشوں اور زخمیوں کو سول ہسپتال کوئٹہ پہنچا دیا۔ پولیس نے بتایا کہ دھماکہ نماز جمعہ کے دوران ہوا جب لوگ نماز جمعہ کے لئے مسجد میں موجود تھے۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کے ذرائع نے بتایا کہ دھماکے میں 2سے 3کلو گرام دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا جس میں بال بیرنگ بھی شامل ہیں اور دھماکہ ٹائم ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا۔ ایم ایس سول ہسپتال نے میڈیا کو بتایا ہے کہ کچلاک دھماکہ کے 22 زخمیوں کو سول ہسپتال کوئٹہ پہنچا دیا گیا ہے۔ زخمیوں میں سے 6 کی حالت تشویشناک ہے۔ صوبائی وزیر صحت میر نصیب اللہ کی ہدایت پر سول ہسپتال کوئٹہ اور بولان میڈیکل ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرکے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیال سٹاف کو ڈیوٹیوں پر طلب کرلیا گیا۔وزیراعظم عمران خان نے دھماکے کی شدید مذمت کی ہے اور شہداء کی بلندی درجات اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔ انہوں نے زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی کی ہدایت کی۔ وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے ایک بیان میں دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کی بلندی درجات اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔
کوئٹہ: نماز جمعہ کے دوران مسجد میں بم دھماکہ‘ 7 افراد شہید‘ 22 زخمی
Aug 17, 2019