دریائے ستلج میں پانی کی آمد‘ گلاب کی پتیوں سے استقبال کیاگیا

بہاولپور( نمائندہ خصوصی) دریائے ستلج میں پانی کی آمد پر گلاب کی پتیوں سے استقبال نوجوانوں کی خوشی میں جھمر میں مستی۔تفصیل کے مطابق گزشتہ روز دریائے ستلج میں کافی عرصے بعد پانی آنے سے علاقہ کے لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور شہریوں نے بڑی تعداد میں دریا کا رخ کیا اس موقع پر سول سوسائٹی آف بہاولپور کے چیئرمین محمد اکرم ناصر کی قیادت میں پروفیسر عصمت اللہ شاہ ،ملک امتیاز چنڑ دیوانہ بلوچ اور محمد عثمان پر مشتمل ایک وفد نے دریائے ستلج کے کنارے ایمپریس برج کے پاس پانی کی آمد کا خیر مقدم کرتے ہوئے گلاب کی پتیاں نچھاور کیں۔اس موقع پر نوجوانوں کی ایک ٹولی نے پانی آنے کی خوشی میں سرائیکی رقص ''جھمر '' پیش کیا. بعد ازاں سول سوسائٹی آف بہاولپور کے چیئرمین محمد اکرم ناصر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ماضی کے ایک غیر جمہوری حکمران جنرل ایوب خان نے عوام کی مرضی کے خلاف دریائے ستلج کا پانی انڈیا کو فروخت کر سرائیکی وسیب کے دریا ستلج کو ریت کے دریا میں بدل دیا.جس کے باعث یہ علاقہ معاشی بدحالی کا شکار ہو گیا اور صحت کے سنگین مسائل پیدا ہوئے پانی کے بغیر نارمل زندگی گزارنا مشکل ہو چکا ہے۔ اس کیلئے جب بھی دریائے ستلج میں پانی آتا ہے عوام خوشی سے جھوم اٹھتے ہیں

ای پیپر دی نیشن