لاہور (نامہ نگار )لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ سے شہید ہونے والے لانس نائیک محمد تیمور اسلم کی نماز جنازہ گزشتہ رات والٹن کینٹ ریلوے سٹیشن گرائونڈ لاہور میں ادا کی گئی جبکہ ان کی تدفین ریلوے آفیسر کالونی قبرستان میں کی گئی۔ نمازہ جنازہ میں شہریوں نے جوق در جوق شرکت کی۔ آرمی افسران، سیاسی، سماجی، مذہبی شخصیات، سول سوسائٹی کے ارکان کی کثیرتعداد بھی شریک تھی۔ شہید تیمور کا جسدخاکی پہنچنے پر اے راہ حق کے شہیدو، وفا کی تصویرو، تمہیں وطن کی ہوائیں سلام کہتی ہیں ملی نغمہ چلایا گیا۔ نماز جنازہ میں کشمیر بنے گا پاکستان اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔ فضا نعرہ تکبیر اللہ اکبر سے گونج اٹھی۔ نمازہ جنازہ صوبائی وزیر اوقاف پیر سید سعید الحسن نے پڑھائی اور شہید کے گھر جاکر بیٹی کو گود میں لے کر پیار کیا۔ ہمایوں اختر خان، یاسین سوہل، اعجاز احمد چوہدری، تحریک لبیک یارسول اللہ کے خادم حسین رضوی، مخدوم سمیت دیگر عمائدین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ قبل ازیں شہید لانس نائک تیمور اسلم کا جسد خاکی کی رہائشگاہ پر پہنچا تو اہل علاقہ اور عزیز و اقارب کی بڑی تعداد کا آخری دیدار کرنے گھر کے باہر موجود تھی۔ شہریوں نے جسد خاکی پرپھول نچھاور کیے۔ اہل علاقہ کی جانب سے نعرہ تکبیر کی صدائیں بلندکی گئیں اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے بھی بلند کئے۔