اسلام آباد(نیوزرپورٹر)وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز ذوالفقار بخاری نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیز ہمارے لئے انتہائی خاص ہیں جنہوں نے دنیا بھر کے مختلف شہروں میں 15 اگست کو یوم سیاہ مناتے ہوئے مودی کے جابرانہ تسلط کے خلاف پرامن طریقے سے احتجاج کیا بھارتی مظالم کے خلاف ریلیاں نکالیں۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں ذوالفقار علی بخاری (زلفی بخاری ) نے کہا کہ دنیا بھر میں ریلیاں نکال کر کشمیریوں اور اورسیز پاکستانیوں نے ہمارے دل جیت لئے ہیں۔ زلفی بخاری نے اوورسیز پاکستانیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’مسئلہ کشمیر کیلئے آواز بلند کرنے اور کشمیریوں کیلئے سفارتکاری کرنے پر آپ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔