وزیراعظم عمران خان نے ماحول کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے کئے گئے اقدامات میں ہرطبقے کو شامل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔وہ آج اسلام آباد میں صاف اور سرسبز انڈیکس کے بارے میں بریفنگ میں اظہار خیال کررہے تھے جس میں دس ارب پودے لگانے کے منصوبے میں پیشرفت ، اسلام آباد میں پلاسٹک کے تھیلوں کے استعمال پر پابندی ، برقی گاڑیوں کی پالیسی ، ماحول دوست عمارتوں کے بارے میں قواعدوضوابط اور ماحول کے تحفظ کیلئے دوسرے اقدامات سے متعلق منصوبوں پر غور کیاگیا۔وزیراعظم نے کہاکہ موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں عوام میں شعور اجاگر کیاجاناچاہیے ۔انہوں نے کہاکہ وفاقی دارالحکومت میں پلاسٹک کے تھیلوں کے استعمال پرپابندی کی مہم کے بارے میں عوام کا ردعمل حوصلہ افزاء ہے اوراس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے سکولوں اور طلباء کو اس کا حصہ بنایا جاناچاہیے۔موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں مشیر نے وزیراعظم کو بتایا کہ صوبائی سطح پر دس ارب پودے لگانے کی مہم سے متعلق منصوبہ بندی کا عمل مکمل کرلیاگیا ہے اور اس کا پی سی ون تیار کرلیاگیا ہے۔انہوں نے کہاکہ منصوبے کے پہلے مرحلے میں تقریباً تین ارب پچیس کروڑ پودے لگائے جائیںگے جبکہ دو سال بعد دوبارہ اتنے ہی پودے لگائیں جائیںگے ۔