راولپنڈی+ لاہور + گوجرانوالہ + شیخو پورہ + پشاور (جنرل رپورٹر+ خصوصی نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت + بیورو رپورٹ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے تحفظ بیت المقدس ریلی سے خطاب کرتے کہا ہے کہ ملک بھر میں فلسطین کے حوالے سے جلسے ہو رہے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے فلسطینیوں اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا جا رہا ہے۔ مودی کشمیر میں بدترین ظلم کر رہا ہے۔ فلسطین مسلمانوں کا ہے۔ یو اے ای اسرائیل کے ساتھ معاہدے پر نظرثانی کرے۔ مسلمانوں سے بیت المقدس کوئی نہیں چھین سکتا۔ سراج الحق نے کہا کہ یو اے ای اسرائیل معاہدے سے فلسطینی کاز کو نقصان پہنچا۔ معاہدے پر نظرثانی کی جائے۔ جیسے اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی کوشش فلسطین میں ہوئی وہ سب کچھ بھارتی غیرقانونی قبضے والے جموں و کشمیر میں کیا جا رہا ہے۔ متحدہ عرب امارات سے معاہدے پر ٹرمپ امریکہ میں الیکشن جیتنا چاہتا ہے۔ او آئی سی کا اجلاس بلا کر یہ معاہدہ ختم کرنا چاہئے۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر ملک بھر میں یوم فلسطین منایا گیا۔ سینیٹر سراج الحق نے راولپنڈی میں القدس مارچ کی قیادت کی اور خطاب کیا۔ ریلی سے نائب امیر میاں محمد اسلم، ڈاکٹر طارق سلیم، رضا احمد شاہ، عارف شیرازی، نصراللہ رندھاوا صدر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان چوہدری محمد کاشف‘ حافظ محمد تنویر احمد و مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات نے بھی خطاب کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا حکومت کان کھول کر سن لے فلسطین پر سودے بازی کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ فلسطین اور بیت المقدس امت مسلمہ کا ہے۔ آج اگر عرب امارات نے اس کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کی بات کی ہے تو پوری امت مسلمہ کے دل زخمی ہیں۔ اسرائیل سے یہ معاہدہ دراصل ٹرمپ کی کامیابی ہے۔ پاکستان کے 22 کروڑ عوام اس معاہدے کو مسترد کرتے ہیں۔ آج اگر ہم بیت المقدس سے دستبردار ہوئے تو کل دنیا کشمیر سے بھی دستبردار کروا دے گی۔ کشمیر و فلسطین دونوں ہمارے نظریاتی محاذ ہیں۔ حکومت نے کچھ نہ کیا تو اگلا مارچ اسلام آباد کی طرف ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ قرآن نے پانچ بار بیت المقدس کا ذکر کیا ہے۔ دوسری جنگ عظیم کی ایک سازش اسرائیل کا وجود تھا۔ برطانیہ نے سازش کے نتیجے میں اسرائیل کا ناپاک وجود قائم کیا اور 1948 میں دنیا پر ایک ناجائز ریاست اسرائیل کے نام سے سامنے آئی۔ جس سازش کے تحت اہل فلسطین کو دربدر کر کے ناجائز اسرائیل کا قیام عمل میں آیا اسی طرز پر آج کشمیر پر بھارت قبضہ کررہا ہے۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے کہا ہے کہ فلسطین کے بھائی اور بہنیں پاکستانی قوم کے شکر گزار ہیں۔ فلسطینی مسلمانوں کو عالم اسلام کے حکمرانوں سے کوئی امید نہیں۔ عالم اسلام کے حکمران بے غیرتی اور بے حسی کی چادر اوڑھ کر سوگئے ہیں۔ قبلہ اول کی آزادی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔ قبلہ اول کی آزادی صرف فلسطین کا نہیں امت مسلمہ کا مسئلہ ہے۔ فلسطین امت مسلمہ کی شناخت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد سمیت دیگر رہنماؤںنے بھی خطاب کیا۔ متحدہ عرب امارات کی جانب سے فلسطینیوں کی مرضی کے خلاف عجلت میں کیے گئے فیصلے پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ امارات، اسرائیل معاہدہ درحقیقت مسلمانوں کے قتل عام اور زمینوں پر قبضہ کرنے والوں کے سامنے شکست تسلیم کرنے کے متراد ف ہے۔ وقتی مفاد ات کی خاطرکفار کو دوست بنانا اور سمجھنا کسی طور پر بھی مسلمانوں کے شایان شان نہیں اور قرآن و سنت کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ امت کے اتحاد کے خلاف سازشیں کی جا رہی ہیں جنہیں ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناکام بنانا ہوگا۔ پریس کلب شیخوپورہ کے باہر احتجاجی مظاہرہ جس کی قیادت جماعت اسلامی کے رہنمائوں لیاقت علی ندیم، قیصر مختار ہاشمی، ملک نصراللہ خان وٹو، محمد ارشدطاہر، رانا لیاقت علی و دیگر رہنمائوں نے کی۔ مظاہرین نے اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور متحدہ عرب امارات کے حکمرانوں سمیت دیگر اسلامی ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ اسلام مسلمان اور پاکستان دشمن اسرائیل کو قبول کرنے کی بجائے اس کے ظلم و ستم کے خلاف متحد ہو کر آواز اٹھائیں۔ خیبرپی کے کے تمام اضلاع میں یو اے ای کی جانب سے اسرائیل کو تسلیم کئے جانے اور سفارتی تعلقات قائم کرنے کے خلاف جماعت اسلامی کے زیرقیادت بھرپور یوم احتجاج منایا گیا اور تحفظ فلسطین ریلیاں نکالی اوراحتجاجی جلسے منعقد کیے گئے۔ اس سلسلہ میں ضلع کرک میں مرکزی احتجاجی ریلی اور جلسہ منعقد کیا گیا جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی خیبر پی کے سینیٹر مشتاق احمد خان، نائب امیر مولانا تسلیم اقبال اور ضلعی امیر محمد ظہور خٹک نے کی۔ ریلی سے امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے خطاب کیا۔ صوبائی امیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسرائیل نے امریکہ اور اقوام متحدہ کی چھتری کے نیچے مسلم علاقوں پر مسلسل قبضہ جاری رکھا ہوا ہے۔ اقوام متحدہ اس وقت اسرائیلی اور امریکی ایجنٹ بن کر اپنے طے شدہ منشور سے غداری کر رہا ہے امارات کے حکمرانوں نے اسرائیل کو تسلیم کر کے پوری امت مسلمہ اور دین اسلام سے غداری کی ہے اس وقت پوری امت پر امریکی ایجنٹ حکمران مسلط ہیں ہم کسی قیمت پر بھی مسجد اقصیٰ بیت المقدس اور فلسطین کی آزادی سے دست بردار نہیں ہوں گے۔علاوہ ازیں گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق امیرجماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے جماعت اسلامی کے زیر اہتمام یوم یکجہتی فلسطین منائے گیا ار احتجا جی ریلی نکالی گئی،جس کی قیادت ضلعی امیر مظہر اقبال رندھاوا نے کی، ریلی شیرانوالہ باغ سے شروع ہو کر سیالکوٹی دروازہ پر اختتام پذیر ہوئی جس میں جماعت اسلامی کے رہنما سابق ضلعی امیر ڈاکٹر عبید اللہ گوہر، ضلعی جنرل سیکرٹری وسیم شاہد اولکھ ، نائب امیر جاوید اقبال، فرقان عزیز بٹ، خرم سلیم کھوکھر، علی رضا، میاں محمد یوسف، صدیق احسن بٹ کے علاوہ جماعت اسلامی کے کارکن، وکلا ئ، تاجر تنظیموں کے رہنما اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مظہر اقبال رندھاوا نے کہا ہے کہ فلسطین اور کشمیر کی آزادی کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ بہاولپور سے نمائندہ خصوصی کے مطابق جماعت اسلامی کا فلسطنیوں سے اظہار یک جہتی اورعرب امارات اسرائیل معاہدہ کے خلاف بہاول پور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ ،احتجاجی مظاہرے کی قیادت نائب امیر جنوبی پنجاب سید ذیشان اختر ،امیر پی پی 245 نصراللہ ناصر، امیر پی پی 246 خالد بن جلیل نے کی۔