لاہور(خصوصی نامہ نگار)انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ کے 25 ویں یوم تاسیس کے موقع پر انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ کی مرکزی مجلس شوریٰ کا اجلاس مولانا محمد الیاس چنیوٹی کی زیر صدارت ہوا جس سے مولانا ڈاکٹر سعید احمد عنایت اللہ،مولانا عبدالرؤف مکی، ڈاکٹر احمد علی سراج اور محمدبن سعید مکی نے ویڈیو لنک کے ذریعہ خطاب کیا ،اجلاس میں پاکستان سمیت پوری دنیا میں عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے لیے انٹرنیشنل ختم نبوت موؤمنٹ کی محنت و کوشش، کارگذاری اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا‘ قائدین نے کہا کہ آج سے 25 سال قبل انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ کی بنیاد14، اگست1995ء میں رکھی گئی تھی اس لیے فیصلہ کیا گیا ہے کہ 2020ء میں ملک بھر میں جماعت کے یوم تاسیس کے عنوان پر کانفرنسیں کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ساری دنیامیں امت مسلمہ مشکل ترین دور سے گزر رہی ہے۔ اور مسلمان ملکوں کو کمزورکرنے کی سازشیں ہورہی ہیں پاکستان کو کشمیر اور فلسطین پر اصولی موقف اپنانا چاہیے بعض اسلامی ممالک کی طرف سے اسرائیل کو تسلیم کرنے سے فلسطینی کاز کو نقصان پہنچا ہے ۔