لاہور(کامرس رپورٹر) وزیر ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ میاں محمود الرشید نے کہاہے کہ ملک کو سرسبز و شاداب بنانے کیلئے شجر کاری از حد ضروری ہے، صرف پودے لگانا کافی نہیں بلکہ ان پودوں کی تنا ور درخت بننے تک نگہداشت بھی لازمی ہے ۔ان خیالات کااظہار انہو ں نے گلشن اقبال پارک میں پودا لگانے کی تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ میاں محمود الرشید نے کہاکہ ماحولیاتی عدم توازن ایک بہت بڑے چیلنج کے طو رپر سامنے آیاہے اور ِزیادہ سے زیادہ شجر کاری کے ذریعے ہی گلوبل وارمنگ جیسے سنگین مسائل سے محفوظ رہاجاسکتا ہے ۔ ماحولیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کے مقابلے کیلئے شجرکاری ہی سب سے موثر طریقہ کار ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ پی ایچ اے لاہور نے سابقہ ادوار کے مقابلے میں گذشتہ دو سال کے عرصے میں شہر میں ریکارڈ شجر کاری کی ہے اور پودوں کی تناور درخت بننے تک کے عمل کی مکمل نگرانی کی جارہی ہے۔ میاں محمودالرشید نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان کی کلین اینڈ گرین مہم کے نتیجے میں آنے والے سالوں میں ملک سرسبز وشاداب ہوگا اور ماحولیاتی آلودگی کا بہت حد تک خاتمہ ممکن ہوگا۔