جئے سندھ محاذ، جئے سندھ قومی محاذ اور جئے سندھ تحریک کے 53سے زائد رہنمائوں نے ہفتہ کو سکھر میں پریس کانفرنس کے دوران پاکستان سے وفاداری کا اعلان کرتے ہوئے قومی دھارے میں شمولیت کا اعلان اور قوم پرست جماعتوں سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔ ’’افراد کے ہاتھوں میں ہے اقوام کی تقدیر۔۔۔۔ ہر فرد ہے ملت کے مقدر کا ستارہ‘‘ کے مصداق قومی دھارے میں شمولیت اور ان کے سیاسی، سماجی اور معاشی کردار سے وطن عزیز میں جہاں ترقی و خوشحالی فروغ پائے گی وہیں ایسے رہنمائوں کی خداداد صلاحیتیں اس کے نکھار میں ممدومعاون ہوں گی کیونکہ کوئی بھی فرد یا جماعت قومی دھارے میں رہ کر ہی تعمیری کردار ادا کرے تو جہاں ملک و قوم کو فائدہ پہنچے گا وہیں ان رہنمائوں کی عزت بڑھے گی اور افتخار میں اضافہ ہوگا۔ ’’وفاداری بشرط استواری‘‘ جیسے قابل ستائش اقدامات سے دشمن کی ناکام وناپاک اور مذموم خواہشات دم توڑ جائیں گی، اس لئے حکومت کو چاہئے کہ تمام ناراض سیاسی رہنما و کارکن جو کسی وجہ سے بہک گئے ہیں، ان کو قومی دھارے میں لانے کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔ جس طرح وزیرستان میں کیا گیا، اسی طرح بلوچستان میں بھی ایسے رہنمائوں اور کارکنوں کو اپنی اصلاح کا موقع ضرور ملنا چاہئے جس طرح قبائلی علاقوںمیں سینکڑوں لوگوں نے پاکستان کے آئین اورقانون کے سامنے سر تسلیم خم کیا اورپھر ملکی تعمیر و ترقی کیلئے وہ جت گئے اور یہ سب کچھ صرف اسی صورت ممکن ہے جب قومی دھارے میں شامل ہو جائیں کیونکہ؎
فرد قائم ربط ملت سے ہے تنہا کچھ نہیں
موج ہے دریا میں اور بیرون دریا کچھ نہیں
قوم پرست جماعتوں کے رہنمائوں کی قومی دھارے میںشمولیت
Aug 17, 2020